وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ہزارہ ڈویژن کیلیے 200 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج اور مانسہرہ میں میڈیکل، نرسنگ کالجز جبکہ ٹراما سینٹر کے قیام کا بھی اعلان کردیا۔
مانسہرہ میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ہزارہ ڈویژن کیلیے 200 ارب روپے کے جامع ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ 200 ارب روپے میں سے 50 ارب روپے صرف سیاحتی منصوبوں پر خرچ ہونگے جبکہ مانسہرہ میں میڈیکل کالج ، نرسنگ کالج، ٹراما سینٹر کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے تناول فیڈر کے قیام اور 15 کلومیٹر اوگی روڈ کی تعمیر جبکہ تناول اور دربند تحصیلوں کو بھی بہت جلد مکمل فعال کرنے کا اعلان بھی کیا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ کل شیخ ادریس صاحب کو شہید کیا گیا، اس سے قبل بھی قیمتی لوگوں کو شہید کیا گیا، جب ہم دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کرتے تھے تو کہا جاتا یہ جھوٹ بول رہے ہیں، جب معصوم لوگ شہید ہونا شروع ہوگئے تو اب کہتے ہیں آپریشنز کریں گے۔

