کراچی:ایک ماہ میں ملک میں صحت اور تعلیم کے شعبے کی سروسز مزید مہنگی ہو گئیں۔وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق شہروں میں صحت کا شعبہ 6.99 فی صد جب کہ دیہات میں 9.65 فی صد مہنگا ہو گیا ہے، میڈیسن کا شعبہ 6.94 فی صد مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کی طرف سے جاری اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ تھراپک اپلائنسز اور سازوسامان 2.19 فی صد مہنگا، ڈاکٹر کی فیس میں 7.37 فی صد اضافہ ہوا، ڈینٹل سروسز 8.36 اور میڈیکل ٹیسٹس 10.72 فی صد مہنگے ہوئے جب کہ شہروں میں ایک ماہ میں اسپتال سروسز 5.21 فیصد مہنگی ہوئیں۔
دیہات میں ایک ماہ میں ڈرگز اور ادویات 8.35 فی صد مہنگی ہوئیں،دیہات میں ایک ماہ میں ڈاکٹر کی کلینک فیس میں 16.16 فیصد اضافہ ہوا، ڈینٹل سروسز 17.13 فی صد، میڈیکل ٹیسٹس 11.13 فی صد مہنگے ہوئے اور اسپتال سروسز میں 6.88 فی صد اضافہ ہوا۔
شماریات کے مطابق شہروں میں ایک ماہ میں تعلیم کا شعبہ 8.24 فی صد مہنگا ہوا جب کہ دیہات میں تعلیم کا شعبہ 11.22 فی صد مہنگا ہوا۔ دیہات میں ایک ماہ میں اسٹیشنری کا شعبہ بھی 2.27 فی صد مہنگا ہوا۔

