اسلام آباد:وزیراعظم کی زیر صدارت بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔اس موقع پروزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی ترسیل کار کمپنیوں (ڈسکوز) اور پیداواری کمپنیوں (جینکوز) کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے نظام کی نجکاری کے ذریعے ملک میں مسابقت پر مبنی بجلی کی مارکیٹ کی تشکیل ہی ملک میں توانائی کے مسائل کا پائیدار حل ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، سردار اویس احمد لغاری، مشیر برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کے نظام کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور نجی شعبے کی شمولیت سے کام شروع کیا جائے۔اجلاس میں وزیراعظم کو بجلی کی پیداوار، ترسیل، ڈسکوز اور جینکوز کی نجکاری اور پاور سیکٹر میں دیگر اصلاحات کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ تین ترسیل کار کمپنیوں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) اورگوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (گیپکو)کی نجکاری کے حوالے سے اقدامات جاری ہیں۔
اس حوالے سے ایکسپریشن آف انٹرسٹ جلد شائع ہوں گے،بجلی کی ترسیل کے نظام کی بہتری کے لیے 500 کے وی کے غازی بروتھا فیصل آباد ٹرانسمشن لائن کا پی سی ون منظوری کے مراحل میں ہے،درآمدی کوئلے پر چلنے والے پلانٹس کو تھر کول پر منتقل کرنے کے لیے ٹیکنیکل فیزیبیلٹی مکمل ہو چکی ہے،تھر کول کی پلانٹس تک منتقلی کے لیے ریلوے لائن پر کام جاری ہے۔
اجلاس میں مسابقت پر مبنی بجلی کی مارکیٹ کی آپریشنلائزیشن ،مسلسل کوششوں کے نتیجے میں گزشتہ سال کے مقابلے میں لائن لاسز میں کمی اوربیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم کے منصوبے کی کنسیپٹ کلیئرنس پروپوزل کی منظوری ہو چکی ہے اور فیزیبیلٹی اسٹڈی جاری ہے پر بھی بریفنگ دی گئی۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف کا اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں 50 بیسس پوائنٹس میں کمی پر اظہار اطمینان، اقدام کو کاروباری برادری اور عام آدمی کی بہتری کا پیش خیمہ قرار دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے حکومتی معاشی ٹیم کی محنت رنگ لا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی اور سیکریٹری خزانہ اور انکی ٹیم پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے کوششوں پر لائق تحسین ہے۔

