کراچی: ریلوے نے کراچی کے بعد روہڑی سٹیشن کو بھی جدید طرز پر اَپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیر ریلوے کی زیرِ صدارت سکھر ریلوے ڈویژن سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں ریلوے انفرا اسٹرکچر اور سہولیات پر تفصیلی غور کیا گیا۔وزیراعظم کی ہدایات پر وزیرِ ریلوے نے سی ایم سندھ کے اشتراک سے سندھ میں ریلوے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ۔
روہڑی ریلوے سٹیشن کی اَپ گریڈیشن کا جامع ماسٹر پلان تیار کر لیا گیا۔رواں ماہ روہڑی سٹیشن کی اَپ گریڈیشن کے لیے ٹینڈر جاری کیا جائے گا اور روہڑی اَپ گریڈیشن منصوبہ سندھ حکومت کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے کی لاگت کا 50 فیصد سندھ حکومت جبکہ 50 فیصد پاکستان ریلوے برداشت کرے گی۔
روہڑی ریلوے اسٹیشن کی اَپ گریڈیشن آئندہ سال جون تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ اَپ گریڈیشن کے بعد روہڑی اسٹیشن ملک کے جدید ترین اور بہترین ریلوے سٹیشنز میں شامل ہوگا۔
روہڑی ریلوے اسٹیشن پر روزانہ 20 ہزار سے زائد مسافروں کی آمد و رفت ہوتی ہے جس کے باعث سہولیات میں بہتری ناگزیر قرار دی گئی ہے۔

