بیرونی قرضوں میں کمی،گورنراسٹیٹ بینک نے خوشخبری سنادی

کراچی:گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے خوشخبری سنائی ہے کہ ملک کے بیرونی قرضوں میں کمی ہوئی اور2022 ء کے بعد کوئی اضافہ نہیں ہوا۔

میڈیا سے گفتگومیں انہوں نے کہا کہ ڈیٹ ٹو جی ڈی پی تناسب31 فیصد سے کم ہو کر 26 فیصد نیچے آ گیا ہے جبکہ 2015ء سے 2022ء تک سالانہ اوسطاً 6.4 ارب ڈالر قرضہ بڑھ رہا تھا۔جمیل احمد نے کہاکہ رواں مالی سال کرنٹ اکائونٹ جی ڈی پی کے 0 سے ایک فیصد کے درمیان خسارے میں رہے گا جبکہ درآمدات میں اضافے کے باوجود کرنٹ اکائونٹ کنٹرول میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال ترسیلاتِ زر 40 ارب ڈالر کا ہندسہ عبور کر جائیں گی جبکہ گزشتہ مالی سال 38 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر موصول ہوئی تھیں۔ دریں اثناء اسٹیٹ بینک میں ویمن انٹرپرینیورشپ ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہاکہ خواتین کی معاشی شراکت کے فروغ کیلئے مرکزی بینک مسلسل اقدامات کررہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن سمیت متعدد اصلاحات کے ذریعے خواتین کی مالی رسائی کو مضبوط کیا جارہا ہے۔گزشتہ دس برسوں میں اسٹیٹ بینک کے اقدامات سے خواتین کی رسمی معیشت میں شمولیت 4 فیصد سے بڑھ کر 52 فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ صنفی امتیاز 7 سال میں 47 فیصد سے کم ہو کر 13 فیصد رہ گیا ہے۔