ڈی آئی خان میں پولیس موبائل پر بم حملہ، 3 اہلکار شہید

ڈیرہ اسماعیل خان / اسلام آباد : ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر بم حملے کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے پنیالہ میں پولیس موبائل پر بم دھماکے میں 3 پولیس اہل کار شہید ہو گئے ہیں، جن میں اے ایس آئی گل عالم، کانسٹیبل رفیق اور ڈرائیور سخی جان شامل ہیں جبکہ دھماکے میں کانسٹیبل آزاد شاہ محفوظ رہے۔ اطلاع ملتے ہی ریسیکو اداروں اور پولیس کی جانب سے شہدا کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیاگیا اور جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کرناشروع کر دیے گئے۔
بم دھماکے کے بعد ڈی ایس پی پنیالہ اور ایس ایچ او موقع پر پہنچے جبکہ علاقے کی ناکا بندی کر دی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد دہشت گرد موقع سے فرار ہو گئے، علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، شہید اہلکاروں کی لاشوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے 3 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور شہدا کے درجاب کی بلندی کی دعا کی۔وزیراعظم نے حملے میں زخمی اہلکار کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کیخلاف جنگ جاری رکھیں گے، واقعے کے ذمہ داران کاتعین کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس گاڑی پر فتنہ الخوارج کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے 3 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔