پنجاب،ٹرانسپورٹرز کاٹریفک جرمانوں میں اضافے کیخلاف پہیہ جام کا اعلان

لاہور:پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے8دسمبر سے پنجاب بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو مطالبات منظور کرنے کیلئے چار روز کا وقت دیا جا رہا ہے، بصورت دیگر ٹرانسپورٹرز سڑکوں پر نکلیں گے۔

صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نبیل طارق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک آرڈی ننس2025ء ہم پر مسلط کیا گیا،کسی ٹرانسپورٹرز سے بھی مشاورت نہیں کی گئی،ڈرائیورز کی تذلیل کی جا رہی ہے، گاڑیاں بند کی جا رہی ہیں، اتنے بھاری جرمانے ہیں کہ ہمارا 80 فیصد کام رک چکا ہے۔

نبیل طارق نے کہا کہ ہمارا سامان ہمارے گوداموں میں پڑا ہے ، کوئی ڈرائیور لے کر جانے کو تیار نہیں،ٹریفک آرڈیننس کو فوری واپس لیا جائے،تمام ٹرانسپورٹرز خوف کے عالم میں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے کاروبار تباہ ہو رہے ہیں ، ہم کیسے اس نظام کے ساتھ چلیں۔

ٹریفک پولیس پیٹرولنگ اور تھانہ پولیس کی جانب سے چالان ٹارگٹ کو ختم کیا جائے،لاہور میں پیرا فورس اور کارپوریشن کی جانب سے ناجائز جرمانوں کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکرٹری آر ٹی اے اور محکمہ ماحولیات کی جانب سے ناجائز جرمانے بند کیے جائیں،پاسنگ کی سہولت تمام سرکاری اڈوں پر مہیا کی جائے۔

لاہور میں نئے ٹرک اسٹینڈز کے لئے جگہ مہیا کی جائے،منی مزدا کے لیے پورے پنجاب میں کوئی اسٹینڈ نہیں ان کے لیے بھی جگہ دی جائے،ہمارے منسوخ شدہ 7500 مزدوں کو بحال کیا کائے۔ نبیل طارق نے مزید کہا کہ روٹ پرمٹ جاری کرنے کا ایک خاص ٹائم فریم مقرر کیا جائے،روٹ پرمٹ کی مدت تین سال کی جائے،موٹر وے پر بھی ٹارگٹ چالان بند کیے جائیں۔

ٹول میں اضافہ واپس لیا جائے،موٹر وے پر بڑھتی ہوئی ڈکیتیوں کو روکا جائے،ایکسل لوڈ کے نظام کو پورے ملک میں یکساں کیا جائے،کچے کے علاقے کے قریب ڈکیتیوں کو روکا جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہائی ویز اور جی ٹی روڈ پر غیر ضروری ٹول پلازے ختم کیے جائیں،کسٹم کی ناجائز چیکنگ بند کی جائے۔

آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی کے صدر عصمت اللہ نیازی نے کہا کہ ہم پنجاب بھر میں آٹھ دسمبر سے کاروبار بند کر دیں گے،حکومت کو مطالبات کی منظوری کے لیے چار روز کا ٹائم دے رہے ہیں،ہماری ہڑتال تب تک جاری رہے گی جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں ہوتے انہوں نے کہا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو پورے پاکستان میں ٹرانسپورٹ بند کریں گے۔