کے پی حکومت نے صحت بجٹ ہیلتھ کارڈ میں ڈال دیا(بلاول کی تنقید)

کراچی:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ سندھ میں صحت سہولیات کا ایسا جال بچھایا جو عالمی سطح پر مقابلہ کرسکتا ہے۔ایس آئی یو ٹی شارع فیصل کے نئے بلاک کا افتتاح کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جدید طبی سہولیات پر مشتمل ایس آئی یو ٹی کا نیا کیمپس عوام کے لیے کھول دیا گیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ادیب رضوی کا شکر گزار ہوں، کراچی، لاڑکانہ، سکھر میں ادیب رضوی کے ساتھ جاتا رہا ہوں۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ فائیو اسٹار ہوٹل کو فائیو اسٹار صحت کی سہولت میں تبدیل کیا گیا ہے، صوبوں کے مسائل کے حوالے سے بحث و مباحثہ ہو رہا ہے، اٹھارویں ترمیم سے پہلے اور بعد سرکاری ہسپتالوں کی حالت سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج این آئی سی وی ڈی دنیا کے سب سے بڑے دل کے امراض کے مفت علاج کا نیٹ ورک ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ میں ایس آئی یو ٹی اہم منصوبہ ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستانیوں کو مفت صحت کا علاج کروا رہے ہیں جس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ڈاکٹر ادیب رضوی کے ساتھ مل کر سرگودھا اور رحیم یار خان میں ایس آئی یو ٹی بنائے گی، لاڑکانہ کے لوگ مجھ سے یہ تاج محل ایس آئی یو ٹی دیکھ کرڈیمانڈ کرتے ہیں، انشاء اللہ جلد لاڑکانہ میں ایس آئی یو ٹی بنائیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخوا حکومت کے صحت کارڈ اسکیم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت نے صحت کا بجٹ ہیلتھ کارڈ میں ڈال دیا ہے، میرے خیال میں کے پی حکومت کا ہیلتھ کارڈ صحیح ماڈل نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کی ایک حد مقرر ہے اس سے زیادہ بیماری پرخرچہ آیا تو آپ کو اپنے پیسوں سے علاج کروانا ہوگا، خیبرپختونخوا حکومت صحت کے نظام میں حکومتی اداروں کا پیسہ نجی اسپتالوں کو دلوارہی ہے۔

پی پی چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت،خیبرپختونخوا حکومت پاپولیشن پلاننگ پر15 سال کی کارکردگی سامنے لائے۔ان کا مزید کہنا تھاکہ میں سندھ حکومت کی 15 سال کی پاپولیشن پلاننگ کی کارکردگی پیش کرنے کیلئے تیارہوں۔