اب بند کمروں کے فیصلے قبول نہیں،دہشتگردی کو شکست دینگے،وزیر اعلیٰ کے پی

پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا ہے ایمان، حوصلے اور عزم سے دہشت گردی کو شکست دے کر صوبے میں ہر حال میں امن بحال کریں گے۔بند کمروں کے فیصلے اب مزید قبول نہیں۔

پولیس فورس اور سول افسران کے مشترکہ دربار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کا کہنا تھا موجودہ حالات غیر معمولی ہیں، خیبرپختونخوا 4 دہائیوں سے دہشت گردی کی زد میں ہے، پولیس نے کم وسائل کے باوجود 21 سال دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا خیبر پختونخوا میں ہر حال میں امن بحال کریں گے، پولیس کیلئے بلٹ پروف گاڑیاں، جدید اسلحہ اور اینٹی ڈرون سسٹم فراہم کیا جا رہا ہے۔وسائل کی کمی کو سیکورٹی کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا افسران کے معاملات میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہو گی مگر رزلٹ دینا ہو گا، کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے، کسی کو کوئی رعایت نہیں ہو گی۔وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا جن لوگوں کا کام انصاف دینا ہوتا ہے وہ نہیں دے پاتے جس سے چیزیں خراب ہوتی ہیں۔

ہم نے بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق عوام کو ریلیف دینا ہے، ہم نے عوام کیلئے ہی فیصلہ سازی کرنی ہے۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ جن لوگوں کا سیاست میں کام نہیں ہے، وہ پھر بھی مداخلت کررہے ہیں۔

تقریب میں چیف سیکرٹری ، انسپکٹر جنرل آف پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹریز،صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل و ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے افسران، پولیس افسران اور اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔اس موقع پر پولیس اور سول انتظامیہ کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔