پاک فوج اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی نے خطے میں امن وا ستحکام کے عزم کے اظہار کے لیے مشترکہ فوجی مشق ”وارئیرـIX” کا آغاز کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دو طرفہ انسدادِ دہشت گردی مشقوں کی یہ نویں قسط نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹرپبی میں شروع ہوئی، جس کا مقصد مشترکہ آپریشنز میں انٹرآپریبلٹی میں اضافہ، پیشہ ورانہ مہارتوں کو نکھارنا اور جدید جنگی تکنیکوں کے تبادلے کو فروغ دینا ہے۔
پاکستان اور چین کی دیرینہ دفاعی شراکت اور باہمی اعتماد پر مبنی اسٹریٹجک تعاون کے تسلسل کے طور پر یہ مشق دونوں ممالک کے مضبوط عسکری تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔مشترکہ فوجی مشق کی افتتاحی تقریب میں منگلا کور کے کمانڈر اور چینی فوج کی ویسٹرن تھیٹر کمانڈ کے ڈپٹی چیف آف سٹاف میجر جنرل بیان شیاؤمنگ سمیت دونوں ممالک کے سینئر عسکری افسران نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس سال وارئیرـIX کا بنیادی فوکس کاؤنٹر ٹیررازم آپریشنز ہیں، جس کے دوران پاک چین افواج کے درمیان ربط اور ہم آہنگی میں اضافہ، جدید جنگی مہارتوں کو نکھارنا، پروفیشنل صلاحیتوں کی بہتری اور انسدادِ دہشت گردی سے متعلق بہترین طریقہ کار کا تبادلہ ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی تعاون باہمی اعتماد پر مبنی دہائیوں پر محیط اسٹریٹجک شراکت داری کا حصہ ہے۔ مشترکہ مشق وارئیرـIX دونوں ممالک کے مضبوط ملٹری ٹو ملٹری تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کے مشترکہ عزم کی واضح مثال ہے۔مشق کے آئندہ دنوں میں مختلف کاؤنٹر ٹیررازم ڈرلز اور مربوط آپریشنز کیے جائیں گے، جن کا مقصد دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید تقویت دینا ہے۔

