دھماکے برداشت ہیں نہ افغان ہمارے مہمان، واپس چلے چائیں،وزیرداخلہ

لاہور:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اظہارِ رائے کی آزادی کا مطلب جھوٹی خبریں پھیلانا نہیں ہے۔ فیک نیوز پر اب کریک ڈائون ہوگا۔لاہور میںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دھماکے برداشت ہیں نہ افغان ہمارے مہمان ہیں وہ واپس چلے چائیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کا انخلا ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ حالیہ دہشت گرد حملوں میں ملوث ملزمان کی شناخت افغان شہریوں کے طور پر ہوئی جن میں ایف سی پر حملہ کرنے والے 3 افراد اور اسلام آباد کچہری حملہ آور بھی شامل تھے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ غیر قانونی مقیم افغانوں کی واپسی کا عمل جاری ہے اور اب تک اس میں کامیابی حاصل ہو رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جو افغان باشندہ واپس بھیجے جانے کے بعد دوبارہ پاکستان آیا تو اسے گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

خیبر پختونخوا میں افغان کیمپ ختم کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات اب بالکل واضح ہے کہ دہشت گردی کے پیچھے کون لوگ سرگرم ہیں اور اس حوالے سے افغان طالبان حکومت کو چاہیے کہ دہشت گردوں پر قابو پائے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ تینوں صوبوں میں افغان باشندوں کے خلاف کارروائی جاری ہے تاہم خیبر پختونخوا میں انہیں تحفظ دیا جا رہا ہے جو قومی سلامتی کے تقاضوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اپنی جگہ لیکن قومی سلامتی پر کوئی صوبہ اپنی مرضی کی پالیسی نہیں اپنا سکتا، ایسے معاملات میں ملک گیر حکمتِ عملی ہی چلتی ہے اور کسی کو بھی اس سے انحراف کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر کسی کی تذلیل کی اجازت نہیں دیں گے، قومی سلامتی کے معاملے پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا، کوئی لندن میں بیٹھ کر بکواس کر رہا ہے کہ اداروں میں یہ مسئلہ چل رہا ہے، اگر آپ کے پاس ثبوت ہے تو ضرور سامنے لائیں۔انہوں نے کہا جو لوگ باہر بیٹھے ہیں انہیں بتا دوں کہ آپ لوگ بہت جلد واپس آرہے ہیں، بہت جلد آپ کو یہاں لائیں گے اور ساری باتوں کا جواب دینا ہوگا