کراچی:سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ایک وقت تھا جب کراچی دبئی سے آگے تھا اور پاکستان بننے سے پہلے یہاں ٹرام چلتی تھی لیکن بعد میں شہر کو منصوبہ بندی کے تحت الطاف حسین نامی شخص کے حوالے کر دیا گیا جس سے یہاں ہیروئن کلچر، بھتہ کلچر اور بوری بند لاشوں کا دور آیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک کے لئے جتنی قربانیاں،کارنامے خدمات سرانجام دیے ہیں، ان کی مثال دنیا بھر میں نہیں ملتی۔پیپلز پارٹی نے کبھی اپنا بیانیہ تبدیل نہیں کیا، دہشت گردی کا مقابلہ کیا اور پھانسی کے پھندے تک قبول کیے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کا جہاز عبرتناک طریقے سے گرایا اور بھارتی پائلٹ کو چائے پلا کر واپس بھیجا۔انہوں نے کہا کہ بھارت خود کو سپر پاور کہلاتا ہے مگر پاکستان نے اسے فیصلہ کن جواب دیا جس کے بعد بھارت دنیا میں رسوا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگیں بھی لڑ رہا ہے اور کئی چیلنجز کا سامنا بھی کر رہا ہے، لیکن ہماری فورسز نے ہمیشہ بھارت کو شکست دی ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری عوام کی سپورٹ سے وزیراعظم بنیں گے، جبکہ آئین میں ہر مسئلے کا حل موجود ہے اس لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ کس کی شیروانی تیار ہو رہی ہے۔
گورنر کی تبدیلی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ وفاقی حکومت کا اختیار ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں تمام سہولیات کے ساتھ موجود ہیں، ان پر کوئی تشدد نہیں ہو رہا لیکن وہ جیل سے بھی ملک کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں اور بیرونِ ملک دشمن قوتوں سے مدد مانگ رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے کارکنوں کو مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ عدالتوں میں قانونی جنگ لڑیں اور ملک و اداروں کو متنازع نہ بنائیں۔ شرجیل میمن نے کہا کہ عظمیٰ بخاری جس طرح اقتدار میں آئیں بلاول ایسے نہیں آئیں گے۔ بلاول عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آئیں گے۔

