اڈیالہ جیل کی بیرونی سیکورٹی سخت، 12 تھانوں کے ایس ایچ اوز تعینات

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کی بیرونی سیکورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ۔ جیل کے اطراف خصوصی سیکورٹی پلان نافذ کیا گیا ہے جس کے تحت راستوں پر پانچ چوکیوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے اور ڈیوٹی دو شفٹوں میں بارہ بارہ گھنٹے کی تقسیم کر دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق سیکورٹی پلان کے تحت اڈیالہ جیل کے اطراف 12 تھانوں کے ایس ایچ اوز اور خواتین پولیس اہلکار بھی تعینات کی گئی ہیں۔

سیکورٹی اہلکار ربرڈ بلٹس، ٹیئرگیس اور اینٹی رائٹ سامان سے لیس ہوں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ٹریفک پولیس کے دس افسران اور اہلکار بھی مقرر کیے گئے ہیں اور لفٹربھی موجود رہیں گے تاکہ جیل کے اطراف ٹریفک کا مناسب انتظام ہو۔

اڈیالہ گارڈ کی نفری کچہری ڈیوٹی کے بعد اسٹینڈ بائی پر موجود رہے گی۔سیکورٹی ڈیوٹی کی براہ راست نگرانی ایس پی صدر انعم شیر کریں گی جبکہ مجموعی طور پر 23 انسپکٹرز اور سات سو سے زائد سپاہی و افسران ڈیوٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔