سبزہلالی پرچم کی سربلندی

دنیا ہمیشہ بہادروں کو سلام کرتی ہے اور انہی کو عزت دیتی ہے۔ اس کی تازہ ترین مثال مملکتِ پاکستان ہے۔ مئی کے مہینے میں بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج نے جو کارنامہ سرانجام دیا، وہ محض ایک فوجی کارروائی نہیں تھا بلکہ ایمان، حوصلے اور قربانی کا ایسا مظہر تھا جسے تاریخ ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھے گی۔ پاکستان کی بہادر افواج کے آپریشن بنیان مرصوص نے دنیا کو یہ واضح پیغام دیا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان نہ جھکنے والا ہے، نہ بکنے والا اور نہ ہی کسی جارح قوت کے سامنے گھٹنے ٹیکنے والا۔ دنیا کی تسلیم شدہ ساتویں ایٹمی طاقت کا سبز ہلالی پرچم آج پہلے سے کہیں زیادہ وقار اور آب و تاب کے ساتھ لہرا رہا ہے۔

بھارت نے یہ سمجھا تھا کہ جارحیت کے ذریعے وہ پاکستان کو دباؤ میں لاکر اپنی مرضی مسلط کرلے گا لیکن بھارتی پالیسی ساز یہ بھول گئے تھے کہ جس قوم نے قربانیوں اور شہادتوں کے نتیجے میں یہ ملک حاصل کیا ہے، وہ اپنی آزادی اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ آپریشن بنیان مرصوص نے بھارت کے تمام خواب چکناچور کر دیے۔ پاکستان نے دشمن کو ایسا منہ توڑ جواب دیا کہ آج بھارت نہ صرف اپنی عوام کے سامنے بلکہ عالمی برادری میں بھی صفائیاں دینے پر مجبور ہے۔ وہی بھارت جو کل تک پاکستان کو سفارتی تنہائی کے طعنے دیتا تھا، آج خود عالمی سطح پر سبکی کا شکار ہے۔

آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی اس قدر نمایاں تھی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی بار بار اس کا اعتراف کرنا پڑا۔ کبھی کبھی تو ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے وہ پاکستانی ترجمان ہیں۔ پاکستان کے خلاف بھارت کا بین الاقوامی پروپیگنڈا بری طرح ناکام ہوگیا، اس کے جارحانہ عزائم خاک میں مل گئے اور بالآخر اسے اپنی ناکامی تسلیم کرنی پڑی۔ یہ سب اللہ کی نصرت اور پاکستان کے بہادر جوانوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔

آج عالم یہ ہے کہ پاکستانی افواج کی بہادری پوری دنیا پر آشکار ہوچکی ہے۔ گزشتہ دن فیس بک پر ایک ویڈیو دیکھی، کسی مغربی ملک کی ویڈیو تھی۔ کچھ افراد اسرائیل کے حق میں مظاہرہ کر رہے تھے۔ اس دوران ایک خاتون غصے میں آتی ہے اور اسرائیلیوں کو مخاطب کرکے کہتی ہے تم نہتے فلسطینیوں کو مار کر بہادر بنتے ہو۔ پاکستان پر حملہ کرکے تو دکھاؤ۔۔۔ یہ دیکھ کر دل فخر سے بھرگیا۔ ہمارے سپاہی اور افسر صرف ہتھیاروں کے بل پر نہیں لڑتے، بلکہ ان کا اصل سرمایہ ایمان، حب الوطنی اور شہادت کا جذبہ ہے۔ ہمارے شہداء نے اپنی جانیں قربان کرکے اس سرزمین کو محفوظ بنایا اور ہمارے غازیوں نے دنیا کو دکھا دیا کہ یہ قوم نہ گھبرانے والی ہے اور نہ پیچھے ہٹنے والی۔ یہ فوج سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند ہے جو پاکستان کی اصل طاقت اور دفاعی ڈھال ہے۔ اس کامیابی نے صرف میدانِ جنگ میں نہیں بلکہ سفارتی محاذ پر بھی پاکستان کو نئی فتوحات سے نوازا۔ دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ مسلم ممالک بالخصوص عرب ریاستیں پاکستان کو ہر فورم پر ساتھ رکھنے میں فخر محسوس کررہی ہیں۔ اس کی ایک تازہ مثال اقوام متحدہ میں امریکی صدر کے ساتھ ہونے والی خصوصی ملاقات ہے جس میں پاکستان کے کردار کو نمایاں کیا گیا۔

سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان امتِ مسلمہ کا اعتماد حاصل کیے ہوئے ہے۔ ایران اور سعودی عرب کے تعلقات دہائیوں سے کشیدہ رہے ہیں، لیکن پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کا نتیجہ ہے کہ ایرانی صدر نے بھی اقوام متحدہ میں اس پاک سعودیہ دفاعی معاہدے کی تعریف کی۔ یہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے کہ وہ مسلم دنیا کو ایک میز پر لانے میں کامیاب ہورہا ہے۔ چین کے ساتھ تعلقات ہمیشہ کی طرح مستحکم ہیں۔ سی پیک جیسے منصوبے پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ امریکا کے ساتھ بھی تعلقات میں بہتری آئی ہے، جو اس حقیقت کا اعتراف ہے کہ خطے میں امن پاکستان کے بغیر ممکن نہیں۔

بنگلہ دیش سمیت سارک ممالک بھارت سے کترارہے ہیں جبکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔ اسی طرح روس اور دیگر عالمی طاقتوں کے ساتھ بڑھتے ہوئے روابط ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان عالمی سیاست میں ایک اہم مرکز بنتا جارہا ہے۔ اس طرح بھارت کا پاکستان کو تنہا کرنے کا خواب خود ہی ٹوٹ پھوٹ کر بکھر گیا ہے۔ بھارت آج اپنے عوام کو بہلانے کے لیے مختلف جواز تراش رہا ہے، لیکن دنیا کے سامنے اس کی سبکی چھپ نہیں سکی۔ عالمی میڈیا نے بھی تسلیم کیا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں صبر، حکمت اور جرات کا شاندار مظاہرہ کیا۔ دشمن کی شکست اس بات کا ثبوت ہے کہ ایٹمی پاکستان کو کوئی ملک دباؤ میں نہیں لاسکتا۔

آج سبز ہلالی پرچم دنیا کے کونے کونے میں وقار کے ساتھ لہرا رہا ہے۔ یہ پرچم ہماری قربانیوں، شہادتوں اور ایمان کی علامت ہے۔ آپریشن بنیان مرصوص اور معرکہ حق میں عظیم کامیابی و کامرانی کے بعد اس کی چمک اور زیادہ بڑھ گئی ہے۔ یہ پرچم ہماری پہچان، ہماری طاقت اور ہماری عزت ہے، جو آنے والی نسلوں کو بھی حوصلہ اور ولولہ دیتا رہے گا۔

یقینا پاکستان کو اس وقت کئی داخلی مسائل کا سامنا ہے۔ کمزور معیشت، سیاسی عدم استحکام، مذہبی شدت پسندی اور فتنہ الخوارج جیسے خطرات موجود ہیں لیکن ان شاء اللہ ہم ان چیلنجز سے بھی سرخرو ہوکر نکلیں گے۔ اب وقت ہے کہ عسکری کامیابیوں کو قومی تعمیر میں بدلا جائے۔ دفاعی لحاظ سے مضبوط ہونے کے ساتھ ساتھ ہمیں تعلیم، معیشت، سائنس اور ٹیکنالوجی میں بھی ترقی کرنی ہوگی۔ اگر ہم اپنی ایٹمی ٹیکنالوجی کو توانائی، زراعت اور صنعت میں بروئے کار لائیں تو پاکستان جلد ترقی یافتہ اقوام کی صف میں کھڑا ہوسکتا ہے۔

آپریشن بنیان مرصوص نے دنیا کو دکھا دیا کہ پاکستان ناقابلِ تسخیر ہے۔ ہماری افواج کی بہادری، قوم کا اتحاد اور ایٹمی صلاحیت اس بات کی ضمانت ہیں کہ کوئی دشمن ہمیں زیر نہیں کرسکتا۔ وہ بھارت جو ہمیں کل تک تنہائی کا طعنہ دیتا تھا، آج خود عالمی برادری میں رسوا ہورہا ہے۔ اللہ کے فضل، شہداء کی قربانیوں اور قوم کے اتحاد کے نتیجے میں پاکستان آج سربلند ہے۔ ان شاء اللہ، سبز ہلالی پرچم ہمیشہ بلند و بالا رہے گا اور قیامت تک سربلند رہے گا۔