سیلاب سے تباہی،بلاول کا پنجاب میں زرعی ایمرجنسی لگانے کا مطالبہ

مظفرگڑھ:چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے سیلاب متاثرین کے بجلی کے بل معاف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ متاثرہ علاقوں میں زرعی ایمرجنسی کا اعلان ہونا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مظفرگڑھ کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب میں اپنی آنکھوں سے تباہی دیکھی ہے، پنجاب کے کسان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، اس لیے وفاق اور صوبائی حکومتیں فوری طور پر زرعی ایمرجنسی ڈکلیئر کریں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے سیلاب متاثرین کے بجلی کے بل معاف کرنے اور زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ بیج اورکھاد حکومت کی جانب سے فراہم کی جائے اور کسانوں کے قرضے اور بجلی کے بل سیلاب ختم ہونے تک معاف کیے جائیں، سیلاب نے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے اور سب سے زیادہ نقصان پنجاب میں ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم سے بھی کہا ہے کہ پنجاب کا میڈیا بہت مثبت رپوٹنگ کر رہا ہے، امید ہے سندھ کا میڈیا بھی آپ سے کچھ سیکھے گا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے متاثرہ خاندانوں کو فوری مالی مدد دی جائے کیونکہ یہ ایک شفاف نظام ہے جس کے ذریعے پہلے بھی قدرتی آفات میں مدد فراہم کی گئی۔

چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی تین مراحل پر مشتمل ہوتی ہے، پہلے جان بچانا، دوسرا ریلیف دینا اور تیسرا بحالی کا عمل شروع کرنا۔ زیادہ تر توجہ ریلیف پر دی جاتی ہے لیکن اصل ضرورت ری کنسٹرکشن اور ری ہیبلیٹیشن کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے سیلاب میں پیپلزپارٹی نے 21 لاکھ گھر تعمیر کیے تھے اور اب بھی ہمیں متاثرین کے لیے یہی اقدامات کرنا ہوں گے۔بلاول بھٹو نے حکومت سے اپیل کی کہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر فوری طور پر عالمی امداد کی اپیل دائر کی جائے تاکہ دوست ممالک کی مدد وقت پر حاصل ہو سکے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے زور دیا کہ یہ وقت سیاسی بیان بازی کا نہیں بلکہ عوام کی مدد کرنے کا ہے۔ہر کوئی اپنی کوشش کر رہا ہے، کہیں ضروریات پوری ہو رہی ہیں اور کہیں کمی ہے لیکن ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں۔

انھوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف جلد متاثرین کی بحالی کے لیے اقدامات کریں گے اور سپورٹ پرائس پالیسی پر بھی نظرثانی کریں گے تاکہ کسانوں کو زیادہ سہولت مل سکے۔