خونریز جھڑپیں،45خوارج ہلاک،19جوان شہید

راولپنڈی:سیکورٹی فورسز کی بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے خلاف باجوڑ ،جنوبی وزیر ستان اور دیر میں کارروائیاں،شدید جھڑپوں میں 45خوارج ہلاک جبکہ آپریشن میں 12جوان وطن پر قربان ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 10 سے 13 ستمبر کے دوران خیبرپختونخوا میں 2 مختلف کارروائیوں میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 35 خوارج کو واصلِ جہنم کر دیا جبکہ 12 جوان بھی وطن پر قربان ہو گئے۔

خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا، کارروائی کے دوران جوانوں نے خوارج کے ٹھکانے کو مو¿ثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم 22 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ایک اور جھڑپ جنوبی وزیرستان میں پیش آئی جہاں مزید 13 خوارج کو سکیورٹی فورسز نے ہلاک کیا تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران وطن کے 12 بہادر سپوت جام شہادت نوش کر گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی سرپرستی میں سرگرم ہلاک شدہ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ،جو ان علاقوں میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے۔ علاوہ ازیں صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے دیر لال قلعہ میں خوارج کے ٹھکانے پرکارروائی کے دوران یرغمال بنائے گئے شہریوں کی جانیں بچاتے ہوئے 7 جوان شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دیر کے علاقے لال قلعہ میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے ٹھکانے پر آپریشن کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایاکہ سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مو¿ثر انداز میں نشانہ بنایا اور آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی اسپانسرڈ 10 خوارج ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں وطن کے 7 سپوت بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگئے جن میں نائیک عبدالجلیل، نائیک گل جان، لانس نائیک عظمت اللہ، سپاہی عبدالمالک، سپاہی محمد امجد، سپاہی محمد داو¿د اور سپاہی فضل قیوم شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق بہادر سپوت خوارج کے یرغمال بنائے گئے معصوم شہریوں کی جانیں بچاتے ہوئے شہید ہوئے۔