اسلام آباد:وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن مزید تیزاور موثر بنانے کاحکم دیدیاانہوں نے نقل مکانی کرنے والوں کی بروقت اور بھرپور امداد یقینی بنانے کی ہدایت کردی ۔
اپنے بیان میںوزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان مسلسل ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کی لپیٹ میں ہے حالانکہ پاکستان کا ماحول دشمن گیسوں کے اخراج میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔وزیراعظم نے کہا ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچائو کیلئے صوبوں کے ساتھ مل کر موثر حکمت عملی اور خطرے سے دوچار علاقوں میں جامع منصوبہ بندی تشکیل دے رہے ہیں۔
پیشگی اطلاعات، مضبوط و پائیدار انفرااسٹرکچر کا نظام مزید مربوط بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوم فضائیہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ایئر فورس نے مسلح افواج کے ساتھ مل کر انڈیا کے خلاف معرکہ حق، بنیان المرصوص میں فیصلہ کن کردار ادا کیا اور جس طرح ہر محاذ پر دشمن کو شکست دی، اس نے پوری دنیا کو حیران کر دیا۔
یوم فضائیہ پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے انڈیا سے حالیہ جنگ میں پاکستان ایئرفورس کے کردار کو سراہتے ہوئے کہایقیناً پاکستان ایئر فورس کی یہ شاندار کارکردگی جرات مند قیادت، جانباز سپوتوں کی مہارت، اعلیٰ حکمت عملی اور کثیر الجہتی جنگی صلاحیتوں کے موثر استعمال کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا میں خصوصاً اس بات پر فخر محسوس کرتا ہوں کہ پاکستانی فضائیہ نے اپنی شاندار تاریخی روایت کو زندہ رکھتے ہوئے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو بھی شکست دی۔ ہمارے ہیروز نے بہادری سے یہ ثابت کیا کہ دشمن کتنا ہی طاقتور اور اسلحہ سے لیس کیوں نہ ہو، وہ کبھی جذبے اور حوصلے کو شکست نہیں دے سکتا۔
وزیراعظم نے کہا آج کی پاکستان ایئر فورس ان بہادر بیٹوں کو زبردست خراجِ تحسین ہے جنہوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر ایئر فورس کی تاریخ رقم کی۔ مجھے یقین ہے کہ پاکستانی فضائیہ ہمیشہ کی طرح ملکی خودمختاری، جغرافیائی سرحدوں اور سالمیت کا بھرپور دفاع کرتی رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا آج ہم پاکستان ایئر فورس کے جانبازوں کی بہادری اور قربانیوں کو یاد کرتے ہیں، خاص طور پر ان کو جنہوں نے 1965 ء کی پاکستان انڈیا جنگ کے دوران وطن کا دفاع کیا۔ یہ دن پاکستان ایئر فورس کے شہدا کے نام ہے، جنہوں نے جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانی کی روح کے ساتھ تاریخ رقم کی۔