گندم، آٹا،سبزیاں مہنگی در مہنگی،عوام پریشان،حکومت خاموش

لاہور:ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا رجحان دیکھا گیا ، گزشتہ 3 ہفتوں میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا ایک ہزار 50روپے تک مہنگا ہوا، ملک میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی زیادہ سے زیادہ قیمت2500روپے تک پہنچ گئی۔

نجی ٹی وی نے وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ3 ہفتوں میں بنوں میں آٹے کا20 کلو تھیلا 1050روپے تک مہنگا ہوا، اسی مدت میں پشاور اورلاڑکانہ میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 900روپے تک مہنگا ہوا۔

گزشتہ3 ہفتوں میں بہاولپور میں آٹے کے20 کلوتھیلے کی قیمت866 روپے67پیسے تک بڑھی، اسی مدت میں سکھر 840 اورلاہورمیں آٹے کا 20کلوتھیلا830 روپے تک مہنگا ہوا۔ دستاویز کے مطابق ملتان میں حالیہ 3 ہفتوں میں آٹے کے20 کلوتھیلے کی قیمت 826 روپے 67پیسے تک بڑھی۔

گوجرانوالہ اورسیالکوٹ میں آٹے کے20 کلو تھیلے کی قیمت میں817 روپے تک اضافہ ہوا، گزشتہ3 ہفتوں میں اسلام آبادمیں آٹے کا 20کلوتھیلا800روپے تک مہنگا ہوا۔ اسی مدت میں راولپنڈی ،کوئٹہ 740، سرگودھا میں آٹے کا 20 کلو تھیلا733روپے تک مہنگا ہوا، حیدر آباد 720، کراچی، فیصل آبادمیں آٹے کا 20 کلو تھیلا 700روپے تک مہنگاہوا۔

3ہفتوں میں خضدار میں آٹے کے20 کلوتھیلے کی قیمت600روپے تک بڑھی، پشاور اوربنوں میںتھیلا 2500 روپے تک پہنچ گیا، اسلام آبادمیں آٹے کے20 کلوتھیلے کی قیمت 2426 روپے67پیسے تک ہوگئی۔

دریں اثناء ملک بھر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب میں فصلیں تباہ ہونے سے کراچی میں مہنگائی کا طوفان آگیا۔سبزیوں کی قیمتوں میں دو روز میں مزید اضافے نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، آلو، پیاز، ادرک، لہسن، توری، ٹنڈا سب ہی پہلے سے زیادہ مہنگے ہوگئے۔

اس حوالے سے شہریوں نے بتایاکہ ذخیرہ اندوزی بھی مہنگائی کی ایک بڑی وجہ ہے جس کی وجہ سے اشیاکی مصنوعی قلت پیدا کرکے مال مہنگا کیا جارہا ہے۔شہریوں نے کہاکہ آئے دن سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے اور دکانداروں کا موقف ہے کہ سیلاب کی وجہ سے سبزیوں کی قیمتیں بڑھی ہیں، درآمد کی گئی سبزیاں بھی ہم تک پہنچتے پہنچتے مہنگی ہو جاتی ہیں۔

دکانداروں کے مطابق مال ہی نہیں ہے پیچھے سے مال مہنگا بھی نہیں دے رہے ہم کیا کریں دوسرے ممالک سے آنے والی سبزی بھی مہنگی پڑ رہی ہے۔دوسری جانب تمام ترحکومتی دعوے اور درآمد کی اجازت کے باوجود ملک میں چینی کی اوسط قیمت سرکاری ریٹ سے بدستور زیادہ ہے، کراچی کے شہری ملک میں سب سے مہنگی چینی 195 روپے کلو تک خریدنے پر مجبور ہیں۔

ادھر کراچی میں حالیہ سیلاب کے باعث گندم کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا، 40 کلو گندم کا تھیلا 3 ہزار 943 روپے تک پہنچ گیا۔