پشاور:خیبرپختونخوا حکومت نے باجوڑ دہشتگردی متاثرین کیلئے 1247.500ملین روپے گرانٹ کی منظوری دے دی۔ خیبرپختونخوا کابینہ کا 38واں اجلاس وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کی صدارت میں منعقد ہوا۔
اجلاس کے فیصلوں سے متعلق وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے بتایاکہ کابینہ نے عوامی فلاح، صحت عامہ، امن و امان، سیاحت و آثارِ قدیمہ اورجنگلات سے متعلق اہم اقدامات اور مختلف قوانین میں ترامیم کی منظوری دی ہے جن میں بدلتے ہوئے میڈیا رجحانات اور تعلقات عامہ کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ صوبائی حکومت کی کمیونیکیشن اسٹریٹجی کی منظوری بھی شامل ہے۔
مشیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ کابینہ نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو 1247.500ملین روپے گرانٹ کی فراہمی کی منظوری دی گئی جو باجوڑ کے بعض دیہات میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران رضاکارانہ طور پر نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کو خوراک اور غیر خوراک امداد کی فراہمی پر خرچ ہو گی۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ یہ فنڈز فوری جاری کیے جائیں تاکہ بے گھر خاندانوں کی ضروریات کا بہتر طریقے سے خیال رکھا جا سکے۔بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا کہ امن و امان کے شعبے میں کابینہ نے ملک سعد شہید پولیس لائن کی دوبارہ تعمیر، داؤدزئی اور ویسٹ کینٹ پولیس اسٹیشنز کے لیے رہائشی ہاسٹلز، پشاور میں پانچ نئے تھانے اور آٹھ پولیس چوکیاں قائم کرنے کے نان اے ڈی پی منصوبے کی منظوری دی جس پر3625ملین روپے لاگت آئے گی۔
اس کے علاوہ نوشہرہ کے علاقے اکبرپورہ میں چار کنال زمین نئے تھانے کے لیے مختص کرنے کی منظوری دی گئی، صوابی میں نئی تعمیر شدہ سب جیل کو ڈسٹرکٹ جیل کا درجہ دینے،پرانی جیل سے قیدیوں کی منتقلی اور 165 پوسٹوں کی نئی جیل کو شفٹنگ کی منظوری بھی دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں مانسہرہ کے آر۔ ایچ۔سی، اوگی کو کیٹیگریـڈی ہسپتال میں اپ گریڈ کرنے، آئوٹ سورس کیے گئے صحت مراکز کیلئے فنڈفلو میکانیزم اور رخسانہ مدر اینڈ چائلڈ ٹرسٹ ہسپتال کے لیے ایک کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں کالاش و بہائی برادری کے تہواروں کے لیے9.5ملین روپے کی منظوری دی گئی۔اسی طرح شہری ٹرانسپورٹ کے لیے بی آر ٹی پشاور کو مزید 50 بسوں کی خریداری کی منظوری دی گئی۔انہوں نے بتایا کہ ماحول دوست سیاحت کے فروغ کے لیے نوشہرہ میں ملک کے سب سے بڑے سفاری پارک کے قیام کی منظوری دی گئی جس کے لیے 560 ایکڑ زمین محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کی گئی۔
اسی طرح ٹانک کے علاقے بند پیرو میں 14 ہزار 718 ایکڑ بنجر زمین پرجنگلات اگانے اور وائلڈ لائف کے تحفظ کے لیے اسے محکمہ جنگلات کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ کابینہ نے ڈیرہ اسماعیل خان میں چشمہ ریسٹ ہاؤس کے تاریخی حصے کو محکمہ آثار قدیمہ کے حوالے کرنے، اسلام آباد میں خیبرپختونخوا آرٹس اینڈ کرافٹس ڈسپلے سینٹر قائم کرنے اور ڈیموں والے اضلاع میں ترقیاتی کاموں کے لیے نیٹ ہائیڈل پرافٹ کا حصہ 10 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کرنے کی منظوری دی۔
نیٹ ہائیڈل پرافٹ کے لیے کابینہ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو فنڈ کے منصفانہ استعمال کیلئے سفارشات مرتب کرے گی۔بیرسٹرڈاکٹر سیف کے مطابق دیگر فیصلوں میں ہیلتھ کیئر کمیشن رولز آف رجسٹریشن و لائسنسنگ کی منظوری، خیبر پختونخوا کمیشن آن دی سٹیٹس آف وومن رولز 2017 اور اسٹامپ ایکٹ 1899 میں ترامیم شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ نے کم از کم اجرت 36 ہزار سے بڑھا کر 40 ہزار روپے ماہانہ کرنے کی منظوری بھی دی۔مزید برآں ڈیرہ اسماعیل خان میں نادرا آفس کے قیام کے لیے عمارت کی فراہمی، صوبائی محتسب کے لیے ایم بی ایسـ2 اسکیل، ڈیرہ اسماعیل خان کے ایک مریض کے گردہ کی ٹرانسپلانٹ کے لیے 60 لاکھ روپے امداد اور اسلام آباد میں منعقد ہونے والے نیشنل یوتھ گیمز 2025ء میں صوبائی دستے کی شمولیت کے لیے خصوصی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس کوفوڈ سیکورٹی کے حوالے سے گندم اور دیگر اجناس کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران بعض اجناس خاص کر گندم کی قیمتوںمیں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے تاہم صوبے میں گندم کے ذخائر اطمینان بخش ہیں اور ضرورت کے مطابق مزید خریداری کا فیصلہ کیا جائے گا۔
اجلاس میں افغانستان کے زلزلہ متاثرین کیلئے 10 کروڑ روپے امداد کی منظوری کا فیصلہ بھی کیا گیا جبکہ حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں شہدائ، ملک میں سیلابی صورتحال کے دوران اور افغانستان میں زلزلے سے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔