پاک امریکادوطرفہ تجارت میں ایک سال کے دوران بڑااضافہ

اسلام آباد:پاکستان اور امریکا کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم میں گزشتہ مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان اورامریکا کی دو طرفہ تجارت 16 فیصد بڑھ کر 7 ارب 59 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی۔وزارت خزانہ اورادارہ شماریات کی دستاویزات کے مطابق پاکستان نے مالی سال میں امریکا کو 5 ارب 83 کروڑ ڈالر کی برآمدات کیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہیں۔ اس دوران امریکا سے درآمدات کا حجم ایک ارب 76 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا جو پچھلے سال کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ ہے۔

ایک سال میں پاکستان کا امریکا کے ساتھ تجارتی سرپلس 4 ارب ڈالر سے زائد ریکارڈ کیا گیا۔سرکاری دستاویزات کے مطابق برآمدات میں سب سے زیادہ حصہ بستر، میز، ٹوائلٹ اورکچن کی چادروں کا رہا جن کی مالیت 1.038 ارب ڈالر رہی۔ مردانہ سوٹ، جیکٹ اور ٹرازر کی برآمدات 936 ملین ڈالر جبکہ تیار شدہ ملبوسات اور ڈریس پیٹرن کی برآمدات 386 ملین ڈالر رہیں۔

ٹی شرٹس کی برآمدات 36 کروڑ 10 لاکھ ڈالر، جرسیوں اور پل اوورز کی برآمدات 31 کروڑ 20 لاکھ ڈالر اور جرابوں کی برآمدات 27 کروڑ 80 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ اس کے علاوہ چمڑے کی مصنوعات 16 کروڑ 50 لاکھ ڈالر اور خواتین کے ملبوسات 15 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی مالیت میں امریکا کو برآمد کیے گئے۔

دوسری جانب امریکا سے پاکستان نے سب سے زیادہ 39 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی روئی درآمد کی۔ اس کے علاوہ لوہے اور اسٹیل کے اسکریپ کی درآمدات تقریبا 16 کروڑ ڈالر، سویا بین 13 کروڑ 70 لاکھ ڈالر، کوئلہ 5 کروڑ 60 لاکھ ڈالر، اور ٹربو جیٹس و گیس ٹربائنز 5 کروڑ ڈالر مالیت میں درآمد کیے گئے۔اسی طرح کمپیوٹر مشینز کی درآمدات 4 کروڑ ڈالر، پیٹرولیم آئل 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر، الیکٹرومیڈیکل آلات 3 کروڑ 60 لاکھ ڈالراورخشک میوہ جات 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی مالیت میں رہیں۔