اسلام آباد:وفاقی اور گلگت بلتستان حکومت کے درمیان سوست ڈرائی پورٹ پر ٹیکس چھوٹ کا معاہدہ طے پا گیا جس کے بعد 2 ماہ سے معطل پاک چین باہمی تجارت کے جلد بحال ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ۔
ٍٍ ٹیکس مسائل پر دونوں حکومتوں کے مابین باقاعدہ معاہدے کے بعد اسلام آباد میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری، سینیٹر سلیم مانڈی والا، وزیراعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال اور تاجر برادری نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
وفاقی وزیرتوانائی اویس لغاری نے کہا کہ وزیراعظم نے گلگت بلتستان کی سیاسی قیادت کی سفارشات منظور کر لیں۔اویس لغاری کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی سیاسی قیادت کا مشکورہوں۔اْن کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی سیاسی قیادت کی جانب سے سفارشات پیش کی گئی، کمیٹی نے ڈیڑھ ماہ میں سفارشات تیارکیں ،وزیراعظم کا مشکورہوں انہوں نے سفارشات کی منظوری دی ہے۔
وزیر توانائی نے کہا کہ گلگت بلتستان کی عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ سوست ڈرائی پورٹ پرٹیکس کا مسئلہ حل کیا جائے، وزیراعظم شہبازشریف گلگت بلتستان کے عوام کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔اویس لغاری کا مزید کہنا تھا کہ تاجربرادری کے مسئلے کے حل کے لیے تعاون پرجی بی حکومت کے شکرگزار ہیں۔