ڈیرہ اسماعیل خان،فورسز کی کارروائی،بھارتی اسپانسرڈ13دہشتگرد ہلاک

ڈیرہ اسماعیل خان:ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکورٹی فورسز نے کارروائی کرکے بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے 24 ستمبر کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جہاں بھارتی پراکسی خوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔

بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران پاک فوج نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو کامیابی سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 13 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج ہلاک کر دیے گئے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک شدہ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے، جن میں دسمبر 2023ء میں درابن میں خودکش حملہ، سرکاری اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کے اغوا اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات شامل ہیں۔

بیان میں بتایا گیا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے بھارتی سرپرست خوارج کو ختم کیا جا سکے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج نے عزم دہرایا ہے کہ ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔