خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی نے فتنہ الخوارج کے 3 اہم کارندے ہلاک کردیے، کامیاب آپریشن میں اجمل عرف وقاص سمیت 3 دہشت گرد جہنم واصل ہوئے، ویلج ڈیفینس کونسل کے ارکان کے قاتل اجمل کے سر کی قیمت 20 لاکھ مقرر تھی۔
سی ٹی ڈی نے کہا کہ مارے جانے والے دہشتگرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور پولیس اہلکاروں کی شہادتوں میں ملوث تھے، بیرونی فنڈنگ سے دہشت گردی پھیلانے والا نیٹ ورک تباہ کردیا گیا، دہشتگرد آئی ای ڈی حملوں اور بھتہ خوری کے مقدمات میں بھی مطلوب تھے۔
ریجنل پولیس آفیسر مالاکنڈ ڈویژن شیر اکبر خان نے کہا کہ سی ٹی ڈی کی یہ کارروائی سوات اور ملحقہ علاقوں میں فتنۃ الخوارج کے آپریشنل ونگز پر کاری ضرب ہے، فتنہ الخوارج کو جڑ سے اکھاڑنے پھینکنے کے لیے پر عزم ہیں۔
نائب وزیر اعظم کی امریکی اور فیلڈ مارشل کی چینی قیادت سے اہم ملاقاتیں
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے فتنہ الخوارج کے آپریشنل کمانڈ ونگ پر کاری ضرب لگانے پر علاقائی پولیس اور سی ٹی ڈی سوات کی تعریف کی۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دیر پا امن و امان کے قیام کے لیے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔