پی آئی اے،ائیرکرافٹ انجینئرزتنازع شدید،سوسائٹی صدر،سیکرٹری برطرف

کراچی:ائیر کرافٹ انجینئرز اور قومی ائیر لائن کے تنازع پر سوسائٹی آف ائیرکرافٹ انجینئرزکے صدراورسیکرٹری جنرل کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق عبداللہ جدون اوراویس جدون کے ملازمت سے برطرفی کے احکامات آج جاری کیے گئے ہیں۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان دونوں عہدیداران کوگزشتہ برس شروع ہونے والی انکوائریز میں 4 اور5 نومبرکو ذاتی شنوائی کا موقع دیا گیا تھا مگر یہ دونوں سی ای او قومی ائیرلائن کے پاس ذاتی شنوائی کے لیے پیش نہیں ہوئے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق عبداللہ جدون اور اویس جدون کے خلاف کارروائی قومی ائیرلائن کے متعلقہ قوانین کے تحت کی گئی ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ 2024 ء کی انکوائری میں برطرفی کا فیصلہ انجینئرزکے جاری حالیہ احتجاج کے تناظرمیں کیا گیا ہے۔

دوسری جانب اس حوالے سے اویس جدون کا کہنا ہے کہ انجینئرز کی جانب سے خرابیوں کے ساتھ طیاروں کو کلیئرنس نہ دینا بھی برطرفی کی ایک وجہ ہے، اس برطرفی کے فیصلوں کو موجودہ دستاویزات کے تحت عدالت میں چیلنج کریں گے۔سیکرٹری جنرل سیپ نے کہا کہ برطرفی کی بنیادی وجہ طیاروں میں فنی خرابیوں سمیت قوانین کی خلاف ورزی کی نشاندہی ہے۔

ادھر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے)انتظامیہ اور ایئر کرافٹ انجینئرز کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے جس کے باعث قومی ایئر لائن کو کروڑوں روپے کا نقصان ہونے لگا۔

پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن شدید مشکلات کا شکار ہے، کراچی سے لاہور جانے والی بیش تر پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں اور دنیا بھر میں فلائٹ آپریشن تعطل کا شکار ہے۔پی آئی اے کی کراچی سے لاہور کی پرواز پی کے 304 منسوخ کر دی گئی جس کی وجہ سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کی جانب سے ہنگامہ آرائی بھی کی گئی۔