یوم شہدائے جموں پر بھارت کے خلاف مظاہرے ،تحریک آزادی جاری رکھنے کا عزم

کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے” یوم شہدائے جموں” اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایاکہ وہ غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی اور حق خود ارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مہاراجہ ہری سنگھ کی فورسز، بھارتی فوج اور ہندوتوا قوتوں نے نومبر 1947ء کے پہلے ہفتے میں جموں کے مختلف علاقوں میں لاکھوں کشمیریوں کا اس وقت قتل عام کیا تھا جب وہ پاکستان کی طرف ہجرت کر رہے تھے۔

شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آزاد جموں و کشمیر، پاکستان اور بیرون ممالک مختلف تقریبات منعقد کی گئیں۔ شہدائے جموں اور دیگر تمام شہداء کے درجات کی بلندی کیے لیے مساجد اور کمیونٹی سینٹروں میں قرآن خوانی اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی بھارتی تسلط سے جلد آزادی کیلئے خصوصی دعاؤں کا بھی اہتمام کیاگیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری اپنے بیان میں” شہدائے جموں ”کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے مقدس مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوںنے کہا کہ بی جے پی کی ہندو توا بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری مسلمانوں کی نسل کشی اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی مذموم کوششیں نومبر 1947ء کے بہیمانہ قتل عام کا تسلسل ہے۔ سری نگر اور دیگر علاقوں میں مختلف آزادی پسند تنظیموں کی طرف سے پوسٹر چسپاںکے گئے ہیں جن کے ذریعے ”شہدائے جموں” کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔باغ میں یوم شہدائے جموں کے موقع پر احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا احتجاجی ریلی کی قیادت حریت کانفرنس کے رہنماوں سید یوسف نسیم شاہ، زاہد سخی اور اسسٹنٹ کمشنر باغ سید کلیم عباس نے کی ریلی کا آغاز گیاری چوک باغ سے ہوا ریلی بازار سے ہوتی ہوئی حیدری چوک میں پہنچی ریلی میں موجود شرکا کے ہم کیا چاہتے آزادی، ہے حق ہمارا آزادی، چھین کے لیں آزادی کے فلک شگاف نعروں سے باغ کی فضا گونج اٹھی۔

ریلی میں حریت کانفرنس کی قیادت کے علاوہ ضلعی انتظامیہ ، مہاجرین جموں کشمیر، تاجران، شہریان، وکلا، صحافیوں، سول سوسائٹی ، تعلیمی اداروں سمیت دیگر نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے سابق کنوینئر سید یوسف نسیم شاہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کا فیصلہ عالمی دنیا کی ذمہ داری ہے ہم تجدید عہد کرتے ہیں کہ شہداے جموں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جاے گا۔

بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں تازہ پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں جن کے ذریعے 1947 کے”شہدائے جموںوکشمیر” کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پوسٹر کل جماعتی حریت کانفرنس، جموں و کشمیر پیپلز ریزسٹنس پارٹی، جموں فریڈم فائٹرز، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ، اور جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس اینڈ یوتھ فورم نے سری نگر، پلوامہ، بارہمولہ اور جموں خطے کے مختلف علاقوں میں دیواروں ، کھمبوں ، ستونوں وغیرہ پر چسپاں کیے گئے۔

پوسٹر وں میں درج تحریر میں شہدائے جموں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ پوسٹروں میں لکھا ہے”شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاںنہیں جائیں گی۔ شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔