نائب وزیر اعظم کی امریکی اور فیلڈ مارشل کی چینی قیادت سے اہم ملاقاتیں

واشنگٹن/ بیجنگ:امریکا نے عالمی امن میں پاکستان کے مثبت کردار اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیوں کا ایک مرتبہ پھر اعتراف کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبہ جات میں مضبوط اور منظم روابط استوار کرنے کے ضمن میں مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے جبکہ چین نے بھی پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکی ہم منصب مارکو روبیو سے واشنگٹن ڈی سی میں اہم ملاقات کی جہاں امریکی محکمہ خارجہ (اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ) پہنچنے پر امریکی حکام کی جانب سے اسحاق ڈار کا استقبال کیا گیا۔
پاکستا ن اور امریکا کے وزرائے خارجہ کے درمیان یہ پہلی بالمشافہ ملا قات ہے، اس سے قبل دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فونک روابط قائم تھے، ملاقات میں پاکـامریکا تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں ممکنہ تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
اسحاق ڈار نے عالمی امن کے فروغ کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی قیادت کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
دوسری جا نب فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے دورہ چین میں اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں، جس میں چین کی جانب سے پاکستان کی مستقل حمایت کرنے پر اظہار تشکر کیا گیا۔
ملاقاتوں میں علاقائی اور عالمی سیاسی پیش رفت، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت رابطے کے اقدامات اور مشترکہ جغرافیائی سیاسی چیلنجوں کے لئے مربوط ردعمل کی ضرورت پر توجہ مرکوز کی گئی۔
چینی قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کے عزم اور جنوبی ایشیا میں فروغ امن کے لئے اہم کردار کو سراہااور پاکستان میں چینی منصوبوں، عملے اور اداروں کی سکیورٹی و سلامتی یقینی بنانے کیلئے پاک فوج کے کردار پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔