کو ئٹہ،پیٹرول سے بھرے رکشے اور بس میں تصادم،6 مسافر جھلس کر جاں بحق

کوئٹہ میں مغربی بائی پاس پرپیٹرول سے بھرے لوڈنگ رکشے اور بس کے درمیان تصادم کے بعد بس میں آگ بھڑکنے سے 6 مسافر جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق اندرون شہر چلنے والی مزدا بس اور پیٹرول سے بھرے لوڈنگ رکشے میں تصادم کے بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔

ریسیکو ذرائع کے مطابق مزدا بس نواں سے ہزار گنجی جا رہی تھی کہ راستے میں پیٹرول سے لوڈ رکشے سے ٹکرا گئی، ٹکر کے فورًا بعد رکشے میں موجود پٹرول نے آگ پکڑ لی، جس نے پوری بس کو لپیٹ میں لے لیا۔آتشزدگی کی وجہ سے بس مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی ۔واقعہ کے بعد امدادی ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کرزخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا، فائر بریگیڈ نے بس میں لگی آگ پر قابو پا لیا جبکہ پولیس نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے، تحقیقات کے نتائج پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ شاہد بلوچ نے بتایا کہ حکومت کو شدید دکھ اور افسوس ہے، جاں بحق مسافروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام زخمیوں کے علاج اور سہولتوں کو یقینی بنایا جا رہا ہے، متاثرہ خاندانوں کی ہرممکن مدد کی جائے گی۔ادھرخیبرپختونخوا کے سیاحتی مقام کاغان میں گاڑی دریائے کنہار میں جاگری، میاں بیوی موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کا 5 سالہ بچہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں سے مرد کی شناخت جمشید کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق پنجاب کے ضلع اٹک کے علاقے خضرو سے بتایا گیا ہے، دونوں میاں بیوی کی لاشیں بی ایچ یو کاغان منتقل کر دی گئیں۔حکام کا کہنا ہے کہ 5 سالہ بچے کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دی گئی ہے، اور وہ مکمل طور پر خیریت سے ہے۔