بل اد ا کرنے والے صارفین کیلئے طویل لوڈشیڈنگ پر کے الیکٹرک کو نوٹس

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا)نے بل اداکرنے والے صارفین کیلئے طویل لوڈشیڈنگ پر کے الیکٹرک کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔جس میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک ٹرانسفارمر کی بجائے فیڈرلیول پر لوڈشیڈنگ کررہی ہے، کے ای نے ایک دن میں کئی گھنٹے فیڈرز لیول پرلوڈشیڈنگ کی اور ڈیفالٹرز کی وجہ سے بل ادا کرنے والے صارفین کو بھی سزادی گئی۔

شوکاز نوٹس میں کہاگیاہے کہ نیپرا اس معاملے پر 2022ء تا 2024ء کے ای کو متعدد خطوط لکھے، کے ای بدستور ٹرانسفارمر لیول پر لوڈشیڈنگ نہیں کررہی، کے ای کے اقدامات کے باعث بل اداکرنیوالے صارفین لوڈشیڈنگ برداشت کررہے ہیں۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے کہا کہ کے ای جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کررہی ہے۔

کے ای کو فیڈر کی بجائے پی ٹرانسفارمرلیول پر لوڈشیڈنگ کی ہدایت کی گئی تھی جبکہ عدم عملدرآمد پر قانونی کارروائی کی وارننگ دی گئی تھی۔نوٹس کے مطابق کے ای ایک سال میں ٹھوس پلان کی بجائے معمول کے جوابات دیتی رہی ہے، کے ای کو عدم مطابقت کی بنا پر شوکاز نوٹس جاری کیا جارہا ہے۔نیپرا نے آئندہ مالی سال کیلئے بجلی کی قیمت خریداری سے متعلق سی پی پی اے کی درخواست پر فیصلہ جاری کردیا۔

نیپرا نے آئندہ مالی سال کے لیے نیشنل اوسط پاور پرچیز پرائس میں ایک روپے 2 پیسے فی یونٹ کی کمی تجویز کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بجھوادیا۔نیپرا نے 2025۔26 کے لیے نیشنل اوسط پاورپرچیزپرائس25 روپے 98 پیسے فی یونٹ مقررکردی ہے جب کہ رواں مالی سال نیپرا نے نیشنل اوسط پاور پرچیز پرائس 27 روپے فی یونٹ مقرر کر رکھی ہے۔آئندہ مالی سال کے لیے بجلی خریداری کی مد میں 3 ہزار 342 ارب روپے سے زائد کی رقم مقرر کی گئی ہے، نیپرا نے رواں مالی سال کے لیے پاور پرچیز پرائس کا تخمینہ 3 ہزار534 ارب روپے رکھا تھا۔

کے الیکڑک کے سوا آئندہ مالی سال کے لیے پاور پرچیز پرائس26 روپے 34 پیسے فی یونٹ مقرر کی گئی ہے، رواں مالی سال کے الیکٹرک کے سوا پاور پرچیز پرائس27 روپے 35 پیسے فی یونٹ مقرر ہے، نیپرا نے فیصلہ یکساں ٹیرف کی درخواست کے لیے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے۔