ملک بھر میں25جون سے مون سون بارشوں کی پیشگوئی ،سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری

 محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں25جون سے مون سون بارشوں کی پیشگوئی کردی،اگلے چند روز میں مون سون ہوائوں میں شدت آنے کا امکان ہے۔میٹ آفس کے مطاق 25 جون سے یکم جولائی تک اسلام آباد، مری، گلیات راولپنڈی، اٹک اور چکوال میں بارشوں کا امکان ہے جبکہ منڈی بہا ئوالدین، گجرات، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، سیالکوٹ سمیت وسطی و جنوبی پنجاب میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، بنوں، ڈیرہ آئی خان، مانسہرہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی بادل برسیں گے۔26سے 28جون کے دوران بہاولپور، بہاولنگر، ڈی جی خان، ملتان، خانیوال میں بارش ہوگی جبکہ مظفرگڑھ، راجن پور، رحیم یار خان اور لیہ میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔

پچیس جون سے 28جون کے دوران شیرانی، موسی خیل، لورالائی، سبی، بارکھان، قلات، جعفرآباد، ڈیرہ بگٹی، لسبیلہ اور خضدار میں مون سون بارشیں متوقع ہیں جبکہ سکھر، لاڑکانہ، حیدرآباد، کراچی، بدین سمیت سندھ مختلف شہروں میں بھی بارش کا امکان ہے۔ تیز بارشوں سے بالائی علاقوں کشمیر، شمال مشرقی پنجاب میں طغیانی اور مختلف شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانولہ، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، پشاور، نوشہرہ کے نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بارشوں سے حیدرآباد اور کراچی کے نشیبی علاقے بھی زیرآب آنے جبکہ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، کسانوں اور سیاحوں کو موسم دیکھ کر منصوبہ بندی کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران درخت، سولر پینل، کمزور انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا بھی خطرہ ہے۔

ادھرراولپنڈی اور اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا۔راولپنڈی میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا ، شمس آباد 15، سیدپور میں 27 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ واسا کے مطابق نالہ لئی میں پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے۔

پشاور میں گدون افغان مہاجر کیمپ میں بارش کی وجہ سے مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر افغان مہاجر جاں بحق ہوگیا۔ریسکیو 1122 نے ملبے کے نیچے سے ایک شخص کو نکال کر اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کی۔مون سون کا سسٹم کے تحت محکمہ موسمیات نے کراچی میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔

ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر کے مطابق 25جون کو ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہو سکتا ہے اور 26 جون سے یہ سسٹم سندھ پر اثر انداز ہونا شروع ہوگا۔سسٹم کے زیر اثر کراچی میں بھی مون سون بارشوں کا امکان ہے، سسٹم کے تحت معتدل اور کہیں کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔جمعہ سے کراچی میں بارشیں ہو سکتی ہیں جبکہ ہفتہ اور اتوار کو بارش کا امکان زیادہ رہے گا۔

نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )نے ملک میں رواں ہفتے طوفانی بارشوں اورسیلابی صورتحال کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔ترجمان این ڈی ایم اے نے بتایا کہ بحیرہ عرب اور خلیجِ بنگال سے موسمی سسٹمز پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہورہے ہیں، جو مغربی ہواں کے ساتھ مل کر شدید بارشوں کا باعث بنیں گے، جس سے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کا زیادہ متاثر ہونے کا امکان ہے۔