غزہ :فلسطینی مجاہدین کا خان یونس میں صہیونی فوج پر کاری وار، چھ صہیونی فوجی جہنم واصل اور تیرہ زخمی کردیئے،غزہ میں عید پر بھی دہشت گرد اسرائیل کے حملے جاری رہے ،جس میں 50فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے،80ہزار فلسطینیوں نے اسرائیلی پابندیوں کو روند کر مسجد اقصیٰ میں عید الاضحی کی نماز ادا کی،حماس نے مستقل جنگ بندی کیلئے نئے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قابض اسرائیل کی خونریز یلغار کے خلاف سینہ سپر فلسطینی مجاہدین نے جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں ایک بھرپور گھات حملہ کرتے ہوئے دشمن کو بھاری جانی نقصان پہنچایا۔ذرائع کے مطابق فلسطینی مزاحمت کاروں نے قابض اسرائیلی فوج پر ایسا اچانک حملہ کیا جو کئی ہفتوں سے منصوبہ بند تھا۔ اس حملے میں ایک عمارت کو دھماکے سے ا±ڑا دیا گیا، جس کے نیچے قابض اسرائیل کا ایک خصوصی فوجی دستہ دب گیا۔مزاحمتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ عمارت پہلے سے بارودی مواد سے بھری گئی تھی۔ جونہی قابض اسرائیل کی فوج کی خصوصی ٹیم نے اس عمارت میں داخل ہو کر “کلیئرنس” کی کارروائی شروع کی، زوردار دھماکے سے پوری عمارت ا±ن پر آن گری۔ عبرانی رپورٹوں کے مطابق قابض فوج کی پوری ٹیم عمارت کے ملبے تلے دب گئی۔
ادھر غزہ میں عید قربان پر بھی نہتے فلسطینیوں کا قتل عام جاری رہا ،قابض اسرائیل کے حملوں میں 50 فلسطینی شہری شہید اورمتعدد زخمی ہوگئے۔ شمالی غزہ کے علاقے جبالیا البلد پر فضائی بمباری اور توپ خانے کے حملے میں 9 شہری شہید ہوئے، جب کہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔رفح شہر کے مغربی حصے میں امریکہ کی امدادی کمپنی کے مرکز کے قریب قابض فوج نے گولیاں برسا دیں، جس کے نتیجے میں 4 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے۔صہیونی فوج نے غزہ میں پناہ گزین کیمپوں اور اسپتال پر بمباری کرتے ہوئے مزید کئی فلسطینیوں کو شہید کردیا۔اسرائیلی فوج غزہ میں اپنے وحشیانہ حملے جاری رکھے ہوئے ہے جس کے باعث فلسطینیوں کی شہادت کا سلسلہ جاری ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں پناہ گزین کیمپوں اور ال اہلی ہسپتال پر بمباری کرتے ہوئے 50 فلسطینیوں کو شہید کردیا، اس کے علاوہ اسرائیل نے لبنان میں20سے زائد مقامات پر حملے کیے جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں تباہ اور جانی نقصان کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا۔مقبوضہ بیت المقدس میں قابض اسرائیل کی سخت ترین رکاوٹوں اور پابندیوں کے باوجود80 ہزار فلسطینیوں نے مسجد اقصیٰ میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی۔