کراچی ، شدید گرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ سے شہری اذیت میں مبتلا

کراچی:گرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث شہری دہری اذیت میں مبتلا ہیں، مکینوں کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ گھنٹے بجلی آتی اور3 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے۔ کے الیکٹرک نے شیڈول کے علاوہ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی بڑھا دیا، جس کے باعث مختلف علاقوں میں رات بھر بجلی غائب رہنے سے سخت گرمی میں شہری پریشان ہیں۔

شدید گرمی میں بجلی کی طویل اور غیراعلانیہ بندش کے باعث شہری دہرے عذاب میں مبتلا ہیں۔بلدیہ ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں یومیہ 12 سے 15 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے جبکہ اتحاد ٹاؤن، سعیدآباد سیکٹر ایف 9، قائمخانی کالونی اور گلشن غازی میں بھی بجلی بند ہے۔مکینوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں وقفے وقفے سے ڈیڑھ گھنٹے بجلی آتی اور3 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے۔

اولڈ سٹی ایریا،لائنز ایریا،لیاقت آباد ،پی آئی بی کالونی ،جمشید کوارٹرز ،جہانگیر روڈ کے علاقے میں 18سے 20گھنٹے بجلی غائب رہنا معمول بن چکا ہے ،چارچار گھنٹے لوڈشیڈنگ کے بعد کبھی 15منٹ اور کبھی آدھا گھنٹہ بجلی آتی ہے اور پھر 4سے پانچ گھنٹے کیلئے غائب ہوجاتی ہے ۔

مستثنیٰ علاقوں میں بھی بجلی کی بندش جاری ہے، ناظم آباد،گارڈن ویسٹ،گلستان جوہرسمیت دیگرعلاقوں کو لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بلوں کی ادائیگی کے باوجود لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔