پی آئی اے انتظامیہ اور ایئرکرافٹ انجینئرز کے درمیان جاری تنازع شدت اختیار کر گیا جس کے باعث قومی ایئرلائن کا فلائٹ آپریشن متاثر نے لگا۔ذرائع کے مطابق انجینئرز کے کام روک دینے سے جہازوں کی کلیئرنس تاخیر کا شکار ہوئی، کراچی سے دبئی اور ملتان جانے والی پروازیں منسوخ کر دی گئیں، کراچی سے لاہور، کوئٹہ اور مدینہ جانے والی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
اسی طرح لاہور سے کراچی آنے والی پرواز بھی شیڈول کے مطابق روانہ نہ ہو سکی، اسلام آباد سے سکردو جانے والی پرواز میں بھی تاخیر رپورٹ ہوئی ہے۔پی آئی اے کے انجینئرز نے موقف اختیار کیا کہ تنخواہوں، الاؤنسز اور سروس اسٹرکچر سے متعلق وعدے پورے نہیں کیے گئے جبکہ انتظامیہ نے کہا ہے کہ فلائٹ آپریشن کو متاثر کرنا مسافروں کے ساتھ زیادتی ہے۔
دوسری جانب ذرائع نے دعویٰ کیا کہ فریقین کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے تاہم اگر معاملہ جلد حل نہ ہوا تو فلائٹ شیڈول مزید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ فلائٹس کی منسوخی اور تاخیر سے شکار ہونے کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

