رائے ونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ اجتماعی دعا کے ساتھ اتوار کواختتام پذیر ہوجائے گا۔اختتامی دعا میں آٹھ لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔دعا سے قبل امیر جماعت پنڈال میں بیٹھے ہوئے مندوبین کو ہدایات جاری کریں گے،دعا کے بعد ہزاروں تشکیل شدہ جماعتیں دین اسلام کی تبلیغ کیلئے اندرون اور بیرون ملک روانہ ہوگی۔پنڈال میں نامور علمائے دین کے خطابات کا سلسلہ گزشتہ رو زبھی جاری رہا ۔
مولانا ربیع الحق بنگلہ دیش ،مولانا ڈاکٹر خالد صدیقی ،مولانا زہیر الحسن ،مولانا احمد لاڈ سمیت دیگر علمائے کرام نے کہا کہ اللہ اور نبی کریم ۖکے بتائے راستے پر چلنے سے دنیااور آخرت میں کامیابی ہوگی،دنیاوی کاموں کے ساتھ ساتھ دعوت وتبلیغ کے لئے بھی نکلیں ،نیکی پھیلائیں اور برائی سے بچیں ،نبی پاکۖ کی طرح محنت کر کے تبلیغ کے ذریعے دنیا کے کونے کونے میں اسلام کی شمع کو روشن کرنا ہوگا ،دین کی محنت کرنا ہوگی ،جو دین کی محنت کرے گا اس کا دنیا میں بھی بھلا ہوگا اور آخرت میں بھی بلند مقام پائے گا ۔
علما ئے اکرام نے کہا کہ دین کی سمجھ بوجھ کیلئے دین کے ماحول کو اپنا نا ہوگا ،اپنے گھروں کو چھوڑ کر دنیامیں بسنے والے انسانیت کی ہدایت کیلئے محنت کرنا ہوگی ،دین کی تبلیغ صرف تبلیغی جماعت کا کام نہیں بلکہ جس نے کلمہ حق پڑھ لیا اس پر یہ ذمہ داری آن پڑی ہے کہ وہ کلمہ کی محنت کو عام کرے ،ہمیں اپنے بگڑے ہوئے اعمال کو درست کرنا ہے،سچ بولنا،نماز کی پابندی،حقوق العباد کا خیال رکھنا ، اچھائی کی دعوت دینا اور برائی سے بچنا ہے،نبیوں والی محنت سے انسان جہنم جانے سے بچ جاتا ہے اس کے لئے اپنا مال جان اور وقت قربان کرنا ہوگا ،مساجدوں کو آباد کرنا ہوگا۔
یہاں کسی کا کوئی فرقہ نہیں ،کوئی تنقید نہیں کی جاتی ،صرف اللہ اور اس کے رسول ۖ کی بات کی جاتی ہے کہ یہ دنیا موت کی تیاری کی جگہ ہے ،انسان جو کچھ بھی کرے صرف یہ سوچ ذہن میں رکھ لے کہ وہ آخرت کی تیاری کررہا ہے تو انسان کے سارے مسائل اللہ خود بخود ہی ختم کردے گا ، یہ دنیا فانی ہے اور یہ چند دنوں کی ہے آخرت کی زندگی ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ہے، ظالموں کو ظلم سے روکتے رہو اور حق بات کی طرف کھینچ کرلاتے رہو۔
تم بہترین امت ہو، لوگوں کے نفع رسانی کے لیے نکالے گئے ہو،تم لوگ نیک کام کا حکم کرتے رہو اور برے کاموں سے روکتے رہواوراللہ تعالی پر ایمان رکھتے رہو، مسلمان بھائیوزندگی فانی ہے، اس پر ایک سیکنڈکا بھی بھروسہ نہیں ہے، دین سیکھنے میں پہل کرنے والوںکے لیے اللہ تعالیٰ نے جنت کی بشارت دی ہے ،شہر، قصبوں، گاؤں گاؤں اور گلی ،محلوں میں پھیل جاؤ اور چھوٹوں سے لے کر بڑوں تک دین سیکھنے اور سکھانے کی دعوت دے کر ان کو دین پھیلانے سکھانے کے عمل میں شامل کرکے اللہ تعالیٰ کے دربار میں بلند ی کے مراتب حاصل کرنے والے بن جاؤ ۔
مسلمانوں آؤ سب مل کر عہد کریں کہ اس نیک مشن کو پورا کرنے کے لیے خود کو دعوت وتبلیغ کیلئے پیش کریں تاکہ کل رب العزت کے دربار میں یہ کہہ سکیں کہ میں نے ساری زندگی گناہ اور غفلت میں گزاردی لیکن تیری راہ پر تیرے مقرب حضرات کی تقلید کرتے ہوئے میں نے بھی دین سیکھنے اور سکھانے کی کوشش کی تھی ۔

