وزارتِ اطلاعات و نشریات پاکستان نے انکشاف کیا ہے کہ افغان میڈیا اور سوشل میڈیا ہینڈلز کی جانب سے حالیہ دنوں میں پھیلائی گئی پاکستان مخالف مہم مکمل طور پر جھوٹ، فریب اور مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی جعلی مواد پر مشتمل ہے۔وزارتِ اطلاعات کے مطابق، افغان سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے پاک فوج پر مسجد اور قرآنِ مجید کی بے حرمتی کے بے بنیاد الزامات لگائے۔
جھوٹے دعوے کے ساتھ ایک ویڈیو بھی گردش میں لائی گئی جس میں فوجی اہلکاروں پر مسجد میں کتوں کے استعمال کا الزام عائد کیا گیا۔تاہم، وزارتِ اطلاعات نے واضح کیا کہ کسی پاکستانی یا بین الاقوامی میڈیا ادارے نے اس الزام کی کوئی تصدیق نہیں کی۔سوشل میڈیا ویریفیکیشن ٹولز کے مطابق وائرل ویڈیو حقیقی فوٹیج پر مبنی نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی ہے۔
ترجمان وزارتِ اطلاعات کے مطابق، یہ جھوٹی مہم ایک سیاسی بیان سے شروع ہوئی جسے افغان اکاؤنٹس نے توڑ مروڑ کر مذہبی جذبات بھڑکانے کے لیے استعمال کیا عوامی ردعمل کے بعد، 14 گھنٹے کے اندر افغان اکاؤنٹ نے خود اعتراف کیا کہ ویڈیو اے آئی سے تیار کردہ تھی۔
وزارت نے مزید کہا کہ افغان سوشل میڈیا نیٹ ورکس مسلسل پاکستان مخالف مواد شائع کر کے مذہبی جذبات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔بھارتی اثر و رسوخ کے تحت، افغان میڈیا اور آن لائن پلیٹ فارمز پاک فوج اور ریاستی اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔وزارتِ اطلاعات و نشریات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان دشمن عناصر کی منفی پروپیگنڈا مہم کو ہر سطح پر بے نقاب کیا جائے گا۔

