لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے تیسرے روز بھی پولی گرافک ٹیسٹ کرانے سے انکار کردیا۔رپورٹ کے مطابق عمران خان کے انکار کے بعد لاہور پولیس کی تفتیشی ٹیم تیسرے روز بھی بغیر ٹیسٹ کے واپس روانہ ہو گئی، لاہور پولیس کی تفتیشی ٹیم ڈی ایس پی آصف جاوید کی سربراہی میں اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔
تفتیشی ٹیم میں انسپکٹر محمد اسلم، انسپکٹر محمد عالم اور انسپکٹر محمد ارحم شامل تھے، پنجاب فارنزک یونٹ کے عابد ایوب بھی تفتیشی ٹیم میں شامل تھے۔تفتیشی ٹیم بانی پی ٹی آئی کا 9 مئی کے کیسز میں پولی گرافک ٹیسٹ فوٹو گرامیٹک اور وائس میچنگ ٹسٹس کرنے تھے۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا دو مرتبہ انکار کر چکا ہوں، بانی نے کہا میں نے کسی تفتیش یا ٹیسٹ میں پیش نہیں ہونا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ اگر ٹیسٹ نہیں ہونگے تو انصاف کے تقاضے کیسے پورے ہونگے، ٹیسٹ نہ ہوئے تو تفتیش کا عمل کیسے آگے بڑھے گا۔