فورسز کی تنخواہیں ڈبل اور دفاعی بجٹ بڑھانا ہوگا، فیصل واوڈا

اسلام آباد:سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ فوج کی تمام فورسز کی تنخواہیں ڈبل اور دفاعی بجٹ بڑھانا پڑے گا۔سینیٹر فیصل واوڈا نے سینیٹ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سید عاصم منیر کی ہدایت تھی کسی سویلین کو نقصان نہ پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ اپنا پیٹ کاٹ کے اپنا دفاعی بجٹ بڑھانا پڑے گا، اب ڈیولپمنٹ کی نہیں ڈیفنس کی بات کرنی ہے، فوج کی تمام فورسز کی تنخواہوں کو ڈبل کرنا پڑے گا۔فیصل واوڈا نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اس وقت ایک پرچم کے ساتھ کھڑی ہیں اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اپوزیشن کو آن بورڈ لے، فورسز کی تنخواہیں ڈبل اور دفاعی بجٹ بڑھانے کا کام اپوزیشن کو ساتھ ملائے بغیر نہیں ہوسکتا ہے۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ بھارت ہمیں کمزور سمجھ رہا تھا ہم نے منہ توڑ جواب دیا، پاکستان سیز فائر کا دفاع کررہا ہے لیکن یہ ہماری کمزوری نہیں، اس جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں پھر ڈیولپمنٹ کی بات کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہندوستان کے آگے اپنی طاقت واضح کرچکے ہیں، ہندوستان میں فوج کی تعداد ہم سے زیادہ ہے اور ہم ابھی تک اپنا بھر پور دفاع کررہے ہیں، فیصل واوڈا نے مطالبہ کیا کہ کمیٹی میں اپوزیشن کو بھی شامل کریں نہیں تو آن بورڈ لیں۔