خضدار/کوئٹہ:میدان جنگ میں بری طرح شکست کے بعد بھارت کی بزدلانہ کارروائی، بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں نے خضدار میں زیرو پوائنٹ کے قریب اسکول بس کو خودکش دھماکے سے نشانہ بنایا جس میں 3 بچوں سمیت 5 شہید جبکہ بچوں سمیت 53 زخمی ہوگئے۔8افراد کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ،وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کوئٹہ پہنچ گئے اور زخمیوں کی عیادت کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ درندوں کو انجام تک پہنچائیں گے۔
، میڈیا رپورٹس کے مطابق خضدار میں زیرو پوائنٹ کے قریب اسکول بس پر خودکش حملے میں 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید ،39بچوں سمیت 53افراد زخمی ہوئے،شہدا میں چھٹی جماعت کی ثانیہ سومرو، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر اور دسویں جماعت کی عیشا سلیم شامل ہیں،جائے وقوع پر موجود عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور کئی زخمی بچے سڑک پر جا گرے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ خودکش حملہ آور نے اسکول بس کے قریب خود کو دھماکے سے اڑالیا، زخمیوں کو سی ایم ایچ خضدار منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق دھماکے سے بس کو شدید نقصان پہنچا ،پولیس و فورسز کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے،
سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے تمام واقعات کے پس پردہ بھارت کا گھناو¿نا اور مسخ شدہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارت معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے جیسی بزدلانہ کارروائیوں پر اتر آیا ہے۔سیکورٹی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ خضدار میں اسکول کے بچوں کو لے جانے والی بس پر حملہ بھارتی سرپرستی میں کیا گیا۔ اس بھیانک حملے کی منصوبہ بندی بھارت میں کی گئی، جسے بلوچستان میں سرگرم اس کی پراکسی تنظیموں نے عملی جامہ پہنایا۔ذرائع کے مطابق بھارت نے یہ حملہ اس معرکہ حق میں اپنی عبرتناک شکست کے بعد انتقامی جذبے کے تحت کروایا۔سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے لیے پراکسیز کے ذریعے دہشت گردی کا نیٹ ورک استعمال کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد پاکستان کے اندرونی امن کو نقصان پہنچانا ہے۔ تاہم سیکورٹی فورسز مکمل چوکنا ہیں اور دہشت گردی کے تمام نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
دریں اثناءوزیراعظم محمد شہباز شریف نے خضدار میں اسکول بس پر بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگردوں کا اسکول بس میں معصوم بچوں پر حملہ ان کی بلوچستان میں تعلیم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے، دہشتگردوں نے اسکول بس پر حملہ کر کے درندگی کی تمام حدیں پار کر لیں، بھارتی سرپرستی میں پلنے والے ان دہشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔وزیراعظم نے دہشتگرد حملے میں معصوم بچوں اور اساتذہ کی شہادت پر رنج و ملال، بچوں کے والدین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کے فوری تعین اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا اور خضدار دھماکے میں زخمی ہونے والے اسکول سے بچوں کی عیادت کی ۔وزیراعظم ہاو¿س کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ خضدار میں بچوں کی اسکول وین پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے کوئٹہ کا دورہ کیا۔وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل نے زخمیوں کی عیادت کی اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف،وزیر داخلہ محسن نقوی،وزیر اطلاعات عطاءتارڑ اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی بھی ہمراہ تھے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف نے بچوں کی اموات پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔