لاہور ؛ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو دل میں تکلیف کے باعث لاہور کے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کیا گیا ہے۔
ان کے وکیل رانا مدثر کے مطابق شاہ محمود قریشی کو نماز فجر کے بعد سینے میں درد اور تکلیف محسوس ہوئی، جس پر جیل حکام نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں اسپتال منتقل کیا۔
پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم نے شاہ محمود قریشی کا تفصیلی طبی معائنہ کیا، جہاں ان کی ای سی جی نارمل آئی جبکہ ٹروپ آئی، ایل ایف ٹی، آر ایف ٹی اور سی بی سی سمیت دیگر اہم ٹیسٹ کیے گئے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ان کا بلڈ پریشر ابتدائی طور پر بلند تھا تاہم اب وہ نارمل ہے۔اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما کی حالت اب مستحکم ہے اور وہ ڈاکٹروں کی زیر نگرانی ہیں۔
حتمی طبی رپورٹس موصول ہونے کے بعد ان کی ممکنہ ڈسچارج یا مزید علاج سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ قانونی ٹیم بھی مسلسل شاہ محمود قریشی کی صحت اور علاج کے عمل پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
