ملتان( خصوصی رپورٹ)وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے بھارت کی طرف سے پاکستان پر حملوں پر احتجاج عالمی برادری سے نوٹس لینے ،بھارت کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
صدر وفاق مولانا مفتی محمد تقی عثمانی،ناظم اعلی وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری اور دیگر قائدین نے رات کے اندھیرے میں انڈیا کی طرف سے پاکستان پر بزدلانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس کا منہ توڑ جواب دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
قائدین نے کہا کہ انڈیا کی طرف سے اشتعال انگیز حملے جنگ کی آگ بھڑکانے کی کوشش ہے جس کا بروقت تدارک از حد ضروری ہے۔
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے انڈیا کی طرف سے مساجد کو چن چن کر نشانہ بنانے کو اس معاملے کی سنگینی میں اضافے کا ذریعہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ سیکولرازم کے دعوے کے باوجود انڈیا میں بابری مسجد سمیت کئی مساجد اور کرسچن کمیونٹی کی عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے والے انڈیا نے اب ایک خود ساختہ کہانی اور بے بنیاد الزامات کی بنیاد پر پاکستان کے نہتے اور بے گناہ لوگوں پر حملے کرکے اور مساجد کو نشانہ بنا کر اپنی اصلیت کو مزید بے نقاب کر دیا ہے۔
وفاق المدارس کے قائدین نے پاک فوج بالخصوص پاک فضائیہ کے شاہینوں کی بروقت جوابی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج کی فتح و نصرت کے لیے خصوصی دعا کی۔
وفاق المدارس کے قائدین نے پوری قوم سے اس اہم موقع پر اتحاد و یک جہتی کا مظاہرہ کرنے اور قومی بیانیہ کو سپورٹ کرنے کی تلقین کی۔
انہوں نے ملک بھر کی مساجد کے ائمہ و خطبا اور مدارس کے منتظمین کے نام ہدایات جاری کیں کہ وہ وطن عزیز کی حفاظت،پاک فوج کی نصرت،شہدا کی بخشش اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں-
