ائیرپورٹ پر خوفناک دھماکا، موبائل پاور بینک پھٹنے سے مسافر جھلس گیا

میلبرن: آسٹریلیا کے میلبرن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک مسافر اس وقت جھلس گیا جب اس کی جیب میں رکھا لیتھیئم پاور بینک اچانک پھٹ گیا اور آگ بھڑک اٹھی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ قانتس ایئرلائن کے بزنس لاؤنج میں پیش آیا جہاں پاور بینک حرارت کے باعث اچانک آگ پکڑ گیا۔ دھواں پھیلنے کے بعد لاؤنج میں موجود تقریباً 150 افراد کو فوری طور پر باحفاظت باہر نکال لیا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق عملے نے فوراً متاثرہ مسافر کو شاور روم میں لے جا کر آگ بجھائی، جس کے بعد طبی عملے نے ابتدائی امداد فراہم کی۔ زخمی شخص کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

قانتس ایئرلائن نے واقعے کے بعد اعلان کیا ہے کہ وہ پاور بینک اور لیتھیئم بیٹریز کے استعمال سے متعلق اپنی پالیسی کا ازسرِنو جائزہ لے رہی ہے اور جلد نئی ہدایات جاری کی جائیں گی۔

قابلِ ذکر ہے کہ متعدد بین الاقوامی ایئرلائنز پہلے ہی پاور بینک کے استعمال پر پابندی عائد کرچکی ہیں، جبکہ کچھ نے پاور بینک کی گنجائش اور چارجنگ کے حوالے سے بھی حدود مقرر کی ہیں۔