سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان حج 2026ء کے لیے انتظامات اور سہولیات سے متعلق باضابطہ معاہدہ طے پا گیا۔ سعودی نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبد الفتاح بن سلیمان المشاط اور وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمن نے گزشتہ شب جدہ میں حج معاہدے پر دستخط کیے۔
دستخط کی تقریب میں پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، ڈی جی حج جدہ عبدالوہاب سومرو، ڈائریکٹر حج مکہ مکرمہ عزیز اللہ خان، ڈائریکٹر حج مدینہ منورہ ضیاء الرحمن، ڈپٹی سیکرٹری حج پالیسی چودھری کاشف حسین اور پرائیویٹ حج کمپنیوں کی نمائندہ تنظیم (ہوپ) کے عہدے داران شریک ہوئے۔وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمن نے ضیوف الرحمن کی مہمان نوازی اور سہولیات کی فراہمی کے لیے سعودی حکومت کی بہترین کاوشوں پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی پاکستانی حجاج کرام کو اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ مذہبی امور سعودی حکومت کی ہدایات کے مطابق سرکاری اور پرائیویٹ حج اسکیموں کے انتظامات کو بروقت اورموثر طریقے سے مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ادھرسعودی عرب کے شہر جدہ میں حج کانفرنس و نمائش کے پانچویں ایڈیشن کا افتتاح اتوار 9 نومبر کو ہو گیا جو12 نومبر تک جاری رہے گی۔عرب ٹی وی کے مطابق وزارتِ حج و عمرہ نے خدمتِ ضیوف الرحمان پروگرام کے تعاون سے کانفرنس و نمائش کا اہتمام کیا جس کا سلوگن مکہ مکرمہ سے دنیا تک ر کھا گیا ہے۔نمائش و کانفرنس کا انعقاد مملکت کے وژن 2030 ء کے اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جس کا مقصد عازمین حج و عمرہ زائرین کو اس سفر مقدس میں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
رواںسال ہونے والی کانفرنس کا پانچواں ایڈیشن سابقہ کامیاب ایڈیشن کا تسلسل ہوگا جس میں 137 ممالک سے ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد زائرین اور 220 کمپنیوں اور اداروں نے شرکت کی تھی جبکہ حج سیزن کے حوالے سے متعدد معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے تھے۔کانفرنس میں متعدد شعبوں کے اعلی عہدیدار شرکت کریں گے جن میں نقل و حمل، مواصلات، صحت، ہاسنگ، ہوٹلز ، ٹیکنالوجیز، انشورنس، کراڈ مینجمنٹ اور لاجسٹک سروسز وغیرہ شامل ہیں ان کے علاوہ غیرمنافع بخش شعبے جن کے رضاکار عازمین کی خدمت میں مصروف رہتے ہیں۔

