اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے درمیان اہم ملاقات کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئیں ۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے جے یو آئی کو عید کے بعد احتجاج میں شمولیت کی باضابطہ دعوت دے دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی نے پی ٹی آئی کا ساتھ دینے کے لیے مشروط حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ جے یو آئی نے احتجاج میں شمولیت کے بدلے پی ٹی آئی سے مدارس بل پر حمایت کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جے یو آئی کا مؤقف ہے کہ اگر پی ٹی آئی مدارس بل پر ان کا ساتھ دے تو وہ احتجاج میں پی ٹی آئی کی حمایت کے لیے تیار ہیں۔تاہم پی ٹی آئی قیادت نے اس حوالے سے فوری جواب دینے کے بجائے بانی تحریک انصاف سے مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے جے یو آئی سے اتحاد کے لئے ٹی او آرز بھی مانگ لئے ہیں، جمعیت علمائے اسلام کے ٹی او آرز پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام نے ٹی او آرز پر مولانا فضل الرحمن سے مشاورت کے لئے وقت مانگا ہے۔
پی ٹی آئی کے ذرائع نے بتایاکہ جے یو آئی (ف) سے اتحاد انتخابی نہیں بلکہ سیاسی ہو گا، بانی پی ٹی آئی عمران خان چاہتے ہیں ملکی صورتحال پر مولانا گرینڈ اپوزیشن الائنس کا حصہ بنیں۔