لاہور : پنجاب میں ناجائز اسلحہ کے خلاف محکمہ داخلہ پنجاب کا بڑا اقدام، صوبہ بھر سے غیر قانونی اسلحہ کی نشاندہی، ضبطگی اور تادیبی ایکشن بارے رپورٹ طلب کر لی گئی۔
محکمہ داخلہ نے صوبہ بھر میں ڈپٹی کمشنرز، سی سی پی او لاہور، ڈی پی اوز اور سی پی اوز کو مراسلہ جاری کر دیا، محکمہ داخلہ پنجاب نے 3 دن میں ضبط شدہ اسلحہ بارے جامع رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی۔
رپورٹ میں اسلحہ کی نوعیت، ماڈل، سیریل نمبر، ایف آئی آر نمبر، ملزمان اور موجودہ کسٹڈی کی تفصیلات شامل ہوں گی، تمام ڈیٹا محکمہ داخلہ پنجاب اور کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو بھجوایا جائے گا۔محکمہ داخلہ غیر قانونی اسلحے کے خاتمے کیلئے موثر اور ڈیٹا بیسڈ حکمت عملی پر کام کر رہا ہے، غیر قانونی اسلحہ جرائم کے فروغ کا ذریعہ اور عوامی تحفظ کیلئے خطرہ بن سکتا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں انفرادی و ادارہ جاتی اسلحہ لائسنسز اور ڈیلرشپ کی مکمل سکروٹنی کی، اسلحہ لائسنس کے حوالے سے تمام مراحل کو نادرا کی مدد سے کمپیوٹرائزڈ کیا جا چکا ہے۔ناجائز اور غیر قانونی اسلحے کی روک تھام کیلئے قوانین کو مزید سخت بنایا گیا ہے، حکومت پنجاب ناجائز اسلحہ کے حوالے سے زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

