پی ٹی آئی نے قمر جاوید باجوہ کیخلاف کارروائی کی حمایت کردی

اسلا م آباد:پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی کی پبلک اکاونٹس کمیٹی کے چیئرمین جنید اکبر نے کہا ہے کہ خواجہ آصف میں جنرل (ر)قمر جاوید باجوہ کے خلاف کارروائی کی ہمت ہی نہیں ۔

انہوں نے مزید کہاکہ جنرل (ر)قمر جاوید باجوہ کی وجہ سے ہی پی ٹی آئی کی حکومت گری تھی،سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن کو ہماری جماعت اور ہماری جماعت کو ان کی جماعت سے کچھ تحفظات ہیں جنہیں ہم دور کرنا چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنید اکبر کا کہنا تھا کہ قمرباجوہ یا فیض حمید نے کچھ غلط کیا ہے تو خواجہ آصف اس پر کارروائی کریں، ہم انہیں سپورٹ کریں گے تاہم انہوں نے کہا کہ حکومت میں کارروائی کرنے کی ہمت ہی نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم مولانا کے تمام تحفظات دور کرنا چاہتے ہیں، ہم بانی پی ٹی آئی عمران خان تک دونوں جماعتوں کا موقف پہنچائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں مولانا فضل الرحمان اپوزیشن اتحاد میں شامل ہوں، ہم مزاحمت کی سیاست نہیں کرنا چاہتے لیکن ہمیں ایسا کرنے پر مجبور کیا گیا، ہم سیاسی لوگ ہیں سیاسی ڈائیلاگ پر یقین رکھتے ہیں، جب ہمیں سیاسی سرگرمی نہیں کرنے دیں گے تو پھر ہم سے کیا امید رکھیں گے۔