عمران خان نے مولانا فضل الرحمن کو اہم پیغام پہنچادیا

راولپنڈی:پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے مختلف حکومتی ہتھکنڈوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو مرضی کرلیں ڈیل نہیں کرونگا جبکہ انہوں نے مولانا فضل الرحمن کیلئے پیغام پہنچاتے ہوئے خواہش ظاہر کی ہے کہ وہ اپوزیشن اتحاد کا حصہ بنیں۔
یہ باتیں عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان اور پی ٹی آئی کے سیکرٹی جنرل سلمان اکرم راجہ نے ڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی سے الگ الگ ملاقات کرنے کے بعد بتائیں ۔
علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی بالکل صحت مند اور خوش لگ رہے تھے، بانی کے کان میں کوئی تکلیف نہیں، نہ کوئی اور بیماری ہے۔ ٹائوٹ سوشل میڈیا پر بیٹھ کر افواہیں پھیلاتے ہیں، ان ٹائوٹوں سے کوئی پوچھے ان کے سورسز کیا ہیں، سوشل میڈیا پر اب افواہیں چل رہیں ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کے دماغ میں اب کوئی انفیکشن ہوا ہے، اللہ تعالٰی ان کی حفاظت کررہا ہے۔
تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کے حوالے بانی پی ٹی آئی عمران سے بات ہوئی، جے یو آئی ایف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کچھ ہدایات دی ہیں جو میں ان تک پہنچاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو سحری نہ دینے اور عبادت سے روکنے کی باتوں میں بھی صداقت نہیں، بانی پی ٹی آئی قوم کی خاطر جیل میں ہیں، خان صاحب نے وضاحت سے کہا کہ جو لیڈر شپ پر حملہ ہوتا ہے وہ بھگوڑے کرتے ہیں، وہ عوام میں اپنی جگہ بنانے کے لئے ایسا کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ خان صاحب کو پارٹی سے کوئی شکایت نہیں ہے، آگے کے لائحہ عمل پر بات ہوئی ہے، سیاسی رفقاء سے 5ماہ سے ملاقات نہیں ہوئی اس حوالے سے ہدایات دی گئی ہیں، جیل کے تمام معاملات کے حوالے سے ظہیر عباس کو بانی اور بشری بی بی نے اپنا وکیل مقرر کیا ہے۔