قذافی اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب!

7فروری 2025کو لاہور میں قذافی اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب تھی۔ پاکستان چند دن بعد شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنے جا رہا ہے اور اس میزبانی کے لیے قذافی اسٹیڈیم کی پچھلے چارہ ماہ سے اپگریڈیشن اور تزئین و آرائش جاری تھی۔ 7فروری کو ہونے والی تقریب میں جس بے ہودگی، بے راہ روی اور بے حسی کا مظاہرہ کیا گیا ہے وہ من حیث القوم ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

یہ تقریب مکمل طور پر نہ صرف اسلامی جمہوریہ پاکستان کی بنیادی اقدار سے متصادم تھی بلکہ قومی خزانے کے ضیاع اور اخلاقی انحطاط کی بھی بدترین مثال تھی۔ ایک اسلامی ریاست میں قومی تقریبات کی شروعات قرآن پاک کی تلاوت سے ہونا ایک روایتی اور دینی تقاضا تھا مگر اس تقریب کا آغاز سرعام موسیقی، ناچ گانے اور لائیو ڈانس پرفارمنس سے کیا گیا۔ اسٹیڈیم کے اندر تقریباً 25ہزار نوجوان لڑکے، لڑکیاں اور فیملیز براہ راست شریک تھیں جبکہ ٹیلی ویژن اور سوشل میڈیا پر لاکھوں کروڑں ناظرین نے اسے گھروں میں اپنے خاندانوں کے ساتھ بیٹھ کر دیکھا۔ یہ ایک سرکاری ایونٹ تھا جسے قومی سطح پر نشر کیا جانا تھا اس لیے اس کے انعقاد میں آئین اور ملکی اقدار کا پاس اور لحاظ رکھنا حکومت اور پی سی بی کی ذمہ داری تھی۔ منتظمین کی طرف سے علی ظفر، عارف لوہار اور آئمہ بیگ جیسے مغنیوں کو مدعو کیا گیااور ان سے لائیو ڈانس کروایا گیا۔ ان مغنیوں نے نہ صرف خود ڈانس کیا بلکہ نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو بھی ڈانس پر لگاکر اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کو پامال کیا۔ ان مغنیوں کی شرکت اور موسیقی سے مزین اس تقریب نے پورے پاکستان کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان میں اسلامی اور اخلاقی حدود کا کوئی خیال نہیں رکھا جاتااور جو ایسا کرے اسے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ ان مغنیوں کو ہیرو اور رول ماڈل بنا کر پیش کرنے کا نتیجہ یہ نکل رہا ہے کہ پاکستان کے 70فیصد نوجوان ان گویوں سے انسپائر ہو کر ان جیسا بننے کے خواہش مند نظر آتے ہیں۔ ایک اسلامی سماج میں نسل نو میں اس رجحان کا فروغ معاشرتی سطح پر ایک بڑا المیہ اور سوالیہ نشان ہے۔
اس حیا باختہ تقریب کو اگر آئین پاکستان کے تناظر میں دیکھا جائے تو یہ تقریب آئین پاکستان کی کھلم کھلا خلاف ورزی تھی۔ آئین پاکستان کی دفعہ 2کے مطابق اسلام پاکستان کا ریاستی مذہب ہوگا اور کوئی بھی قانون اسلام کی بنیادی تعلیمات کے منافی نہیں بنایا جا سکتا۔ آئین کی شق 31 کے مطابق ریاست کو عوام کو اسلامی اقدار کے مطابق زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرنے لازم ہیں اور ریاست کو اپنی حدود میں کسی بھی ایسے عمل کی اجازت نہیں دینی چاہیے جو اسلامی اصولوں کے منافی ہو۔ دفعہ 37 کے مطابق ریاست فحاشی اور بے حیائی کے خلاف اقدامات کرنے کی پابند ہے۔ آئین کی دفعہ 227 میں بھی واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان میں تمام قوانین قرآن و سنت کے مطابق ہوں گے اور کوئی ایسا قانون نہیں بنایا جائے گا جو اسلامی تعلیمات کے منافی ہو۔ سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیداروں کو کوئی پوچھنے والا ہے؟یہ لوگ کبھی پی ایس ایل کے نام پر اور کبھی چیمپئنز ٹرافی کے نام پر ملکی آئین کوروندتے اور مغنیوں کو ہیرو اور رول ماڈل بنا کر پیش کرتے ہیں۔ کیا کوئی ان سے یہ استفسار کرے گا کہ وہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں کھلم کھلا مغربی ثقافت کو فروغ کیوں دے رہے ہیں؟ کیا وکلاء تنظیموں میں سے کوئی اس پر آواز اٹھائے گا اور اس معاملے کو عدالت میں لے کر جائے گا؟
ایک اہم پہلو اس تقریب کے بے جا اخراجات ہیں۔ حکومت پاکستان ہمیشہ معیشت کی بدحالی اور اخراجات میں کمی کی دہائی دیتی ہے مگر اس تقریب کے لیے کروڑوں روپے خرچ کر دیے گئے۔ علی ظفر اور آئمہ بیگ جیسے مغنیوں اور ڈھولچیوں پر لاکھوںکروڑوں روپے نچھاور کر دیے گئے جبکہ روشنیوں، اسٹیج ڈیزائن، ساؤنڈ سسٹم اور سکیورٹی کے نام پرخرچ ہونے والے کروڑوں روپے اس کے علاوہ ہیں۔ پاکستان جیسے ملک جو بمشکل معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے اس میں ایسے فضول اخراجات کسی طور مناسب نہیں۔ جہاں پاکستان کو آئندہ تین سالوں میں کم از کم 20ارب ڈالر کے قرضے واپس کرنے ہیں وہاں کروڑوں روپے جیسی خطیر رقم ایک ایسی تقریب پر خرچ کرنا جہاں اسلامی اقدار کی دھجیاں اڑائی گئی ہوں نہایت افسوسناک ہے۔ یہ سراسر قومی وسائل کا ضیاع ہے اور پی سی بی انتظامیہ اس پر عوام کو جواب دہ ہے۔ کیا یہ بہتر نہ ہوتا کہ یہ رقم تعلیمی اداروں، ہسپتالوں یا پاکستان کے عوام پر لگائی جاتی۔ وہ پاکستان میں جس میں آج بھی 22.8ملین بچے اسکول سے باہر ہیںجو دنیا میں دوسرا سب سے بڑا نمبر ہے۔ وہ پاکستان جس کی 40فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے اور جہاں دو وقت کی روٹی کا حصول ایک کٹھن چیلنج بن چکا ہے۔ جہاں سڑک کنارے ننگے پاؤں بچے کچرے میں اپنا رزق تلاش کر تے ہیں اور جہاں فٹ پاتھوں پر بے سہارا بوڑھے بھوک اور بے بسی کی تصویر بنے بیٹھے ہیں۔ جہاں مائیں بھوک سے تنگ آکر اپنے بیٹوں کے گلے کاٹتی ہیں اور باپ بچوں کو کھانے کے بہانے نہر پر لے جا کر نہر دھکا دے دیتے ہیں۔ جہاں ایک طرف اسٹیڈیم کی روشنیوں میں کرکٹ چمک رہی ہے اور دوسری طرف ملک کے اندھیروں میں لاکھوں خواب دم توڑ رہے ہیں۔ اس پاکستان میں محض کھیل کے نام پر منعقدہ ایک ایونٹ میں جگمگاتی روشنیوں، پْرتعیش کھانوںاور مہنگے برانڈز کی جلوہ گری پر کروڑوں روپے اڑادینا ایک سنجیدہ المیہ ہے۔
پی سی بی پچھلے چند سالوں سے جس طرح کی تقریبات منعقد کر رہی ہے یہ تقریبات ایک طرف ملک کے اسلامی تشخص کو کمزور کر رہی ہیں اور دوسری طرف نئی نسل کو اسلامی اقدار سے دور کر رہی ہیں۔ پی سی بی کو سمجھنا ہو گا کہ7فروری کو ہونے والی تقریب نے نہ صرف عوامی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے بلکہ اسلامی اقدار کی پامالی اور قومی خزانے کے بے دریغ ضیاع کی مثال بھی بدترین مثال ہے۔ پی سی بی کو اپنی تقریبات اور رویوں پر نظرثانی کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں اس قسم کی بے راہ روی اور غیر اسلامی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔ پاکستان ایک نظریاتی مملکت ہے جس کا آئین اسلامی اصولوں اور اسلامی اقدار کی ضمانت دیتا ہے۔ بدقسمتی سے مقتدر طبقات مسلسل اس کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیںاور قومی وسائل کے بے دریغ ضیاع، پْرتعیش تقریبات، فحاشی وعریانی اور بے راہ روی کو معمول بنا کر آئین کی روح کو پامال کر رہے ہیں۔