Quetta Station

پاکستان ریلوے نے 6 ماہ میں کتنے ارب روپے کمائے؟

اسلام آباد: پاکستان ریلوے نے ادارے کی موثر پالیسیوں کی بدولت رواں مالی سال 2024-25 کے پہلے 6 ماہ میں 46 ارب روپے کی آمدنی حاصل کی ہے جو کہ ادارے کے مثبت انداز کو ظاہر کرتی ہے۔ وزارت ریلوے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ محکمہ نے مالی سال کی پہلی ششماہی میں 46 ارب روپے کی آمدنی حاصل کی ہے، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 5 ارب روپے زیادہ ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے مسافر ٹرینوں سے 24 ارب روپے اور مال بردار سروسز سے 16 ارب روپے کمائے ہیں جبکہ زمین کی لیز، کوچنگ اور دیگر ذرائع سے 6 ارب روپے کمائے گئے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں اہلکار نے کہا کہ 2023۔ 24 کے دوران تقریبا 41.91 ملین مسافروں نے ٹرین میں سفر کیا جبکہ 2022-23 میں یہ تعداد 35.40 ملین تھی اسی طرح سالانہ 6.51 ملین کا اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال 2023-24 میں مسافر گاڑیوں کی کل آمدنی 47.712 ارب روپے رہی جس میں 8.712ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے ۔ اس کے علاوہ آمدنی میں پچھلے مالی سال 2022-23 کی آمدنی کے مقابلے میں 13.799 بلین روپے اضافہ ہوا ہے۔