لاہور(اسلام ڈیجیٹل) ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کا راج ہے، موٹر وے کو متعدد مقامات پر بند کردیا گیا ہے، موٹر وے پولیس نے عوام سے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹروے ایم ون شدید دھند کے باعث پشاور سے برہان تک، موٹر وے ایم 2اسلام آباد سے بلکسر تک بند ہے۔راولپنڈی میں شدید دھند، حد نگاہ 10میٹرسے بھی کم رہ گئی ہے، اس کے علاوہ شدید دھندکے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی شدید متاثر ہے۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 4فیصل آباد سے ملتان تک، موٹروے ایم 5ملتان سے روہڑی تک دھند کی وجہ سے بند کردی گئی ہے۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے بند کرنے کا مقصد حادثات سے بچاؤ اور موٹروے استعمال کرنے والوں کے جان و مال کا تحفظ ہے، شہریوں سے درخواست ہے کہ دھند کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔اپنا سفر دن کی روشنی میں مکمل کر کے دھند کے آغاز سے پہلے اپنے منزل مقصود تک پہنچ جائیں، گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں، تیز رفتاری سے گریز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ معمول سے زیادہ رکھیں۔ ترجمان موٹروے پولیس نے کہا کہ سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130یا نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا اکائونٹ سے بھی تازہ ترین معلومات ضرور حاصل کر لیں۔
