Health Graphic

آپ کی صحت

Photo : FreePik

ڈاکٹر ام محمد

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
س: ڈاکٹر ام محمد صاحبہ! میری بیٹی کی عمرچھے سال ہے۔ اسے مرگی کا مسئلہ ہے۔ چار سال کی عمر میں جھٹکے لگنے شروع ہوئے تو ڈاکٹروں کو دکھایا۔ دماغ کے ڈاکٹروں نے دوائیں شروع کی ہیں مگر کھاتی پیتی کچھ نہیں، کمزور ہوتی جا رہی ہے۔ کوئی دوا تجویز فرمادیں۔ (عروج فاطمہ۔ مری روڈ)

ج: محترمہ عروج فاطمہ صاحبہ!

آپ ایک بار بچی کا C.T Scan ضرور کروالیں۔ اس سے واضح ہوگا کہ مرگی ہے یا کچھ اور مسئلہ ہے۔ آپ کی بچی ان شاء اللہ سب کچھ کرے گی مگر دوسرے بچوں کی نسبت اسے وقت زیادہ لگے گا۔ بچی کو توجہ بھی دوسرے بچوں کی نسبت اسے زیادہ وقت چاہیے۔ آپ دوا Absinthium30 اور ginkgo biloba30 کے 4-4 قطرے دن میں تین مرتبہ دیں اس کے ساتھ Kaliphos6x کی 4-4 گولیاں صبح اور رات Brain Tonic کے طورپر دیں۔ بادام 7 عدد، کشمش 12 عدد دونوں کو رات میں ½ کپ پانی میں بھگودیں۔ صبح ناشتے سے پہلے کھلا دیں ساتھ اس کا پانی بھی پلا دیں۔ اس سے بھوک بھی کھل کر لگے گی اور جسمانی ذہنی طاقت کا تو خزانہ ہے ہی۔

س: باجی ام محمد صاحبہ! میرے ساتھ ایک عجیب مسئلہ ہے میری عمر 24 سال ہے، وزن تقریباً 45 کلو ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ میری صحت مجموعی طور پر بہت بہت اچھی ہے۔ رنگت اور بال سب صحیح ہیں مگر میرے ہاتھ 70-60 سال کی بوڑھی عورتوں کے جیسے جھریوں والے ہیں۔ میں شدید احساسِ کمتری کا شکار ہوں۔ میرے رشتے بھی اسی وجہ سے نہیں ہوپاتے۔ (بنت توقیر شاہ۔ شیخوپورہ)

ج: بنت توقیر صاحبہ!
یہ مسئلہ وٹامنز کی کمی سے ہوتا ہے۔ آپ دوا Agrimonia Eupatoria30 کے 4-4 قطرے دن میں چار مرتبہ لیں اور کچھ چیزیں مثلاً دودھ اور سبزیاں پھل مسلسل استعمال کریں۔ اپنے روزمرہ کے لیے جو بھی لوشن آپ استعمال کرتی ہیں، اس میں وٹامن ’E‘ کے 2-1 کیپسول ملا کر مساج کریں۔ پانی بہت زیادہ استعمال کریں۔ رات میں سونے سے پہلے دونوں ہاتھوں کو نیم گرم پانی میں (تھوڑا نمک ملالیں) ڈبو کر رکھیں پھر 20-15 منٹ بعد خشک کرکے ہمدرد کا ’روغن سرخ‘ کا مساج کریں۔ یاد رکھیں مساج ہاتھوں کی انگلیوں سے کلائی کی جانب کریں۔ ان شاء اللہ تعالیٰ ضرور فرق ہوگا۔

س: ڈاکٹر ام محمد صاحبہ! میرا مسئلہ ایام کا ہے جو جلدی جلدی آجاتے ہیں۔ بعض اوقات تو مشکل سے 12-10 دن ہی نکل پاتے ہیں۔ میرے چہرے پر دانے بھی بن جاتے ہیں، لیکوریا بھی ہے۔ ہڈیوں میں درد رہتا ہے۔ جلدی تھکاوٹ ہوجاتی ہے۔ باجی کوئی اچھی سی دوا بتادیں۔ (ب۔ع۔ چکوال)

ج: بیٹی ب۔ع!
ہارمونز کی خرابیاں تو نزلہ، زکام کی طرح وبائی صورت بنتی جا رہی ہیں۔ اکثر بچیاں اسی مسئلے کا شکار ہیں۔ مندرجہ ذیل نسخہ سب استعمال کرسکتی ہیں:
Sabina30اورTrillium30 دونوں کے 5-5 قطرے دن میں چار مرتبہ لیں۔15 دن یہ نسخہ استعمال کرکے آخر کے 15 دن Bovista30 اور Cimicifuga30 کے 5-5 قطرے دن میں چار مرتبہ لیں۔ روزانہ فولک ایسڈ ایک گولی صبح اور ایک گولی رات میں ضرور لیں۔ فولک ایسڈ کی کمی سے بھی ہارمونز خراب ہوجاتے ہیں۔ 14-13 سال کی عمر سے لڑکیوں کو فولک ایسڈ لینا چاہیے۔ برگ تلسی 6 گرام کو ایک کپ پانی میں جوش دے کر 20 گرام گل قند گھول کر پی لیں۔ چہرہ صاف ہوجائے گا۔ کمزوری بھی ختم ہوجاتی ہے۔ چٹ پٹی اور چکنی چیزوں سے پرہیز کریں۔

س: باجی جان! میرے والد صاحب کو جوڑوں کا مسئلہ ہے، ان کی عمر 55 سال ہے۔ اس کے علاوہ نیند کے لیے بھی دوائیں استعمال کرتے ہیں۔ ڈپریشن کا مسئلہ بھی رہا ہے۔ کوئی مناسب دوا تجویز کردیں۔ بہت اچھی خوراک اور مہنگی دوائیں بھی لینا مشکل ہے۔ کوئی آسان حل بتادیں۔ (اخت عبداللہ۔ ملتان)

ج: محترمہ اخت عبداللہ صاحبہ!
طاقت ضروری نہیں کہ بہت مہنگی خوراکوں سے حاصل کی جائے، بلکہ دالوں اور سبزیوں سے بھی بہت فائدے حاصل ہوتے ہیں مثلاً السی کے بیج اور ہالون کے بیج یقین کریں نہایت کم خرچ ہوتے ہیں۔ ان میں مچھلی اور گوشت جتنی طاقت ہوتی ہے۔ اومیگا 3 سردیوں کے لیے ضروری ہوتا ہے۔ ہڈیوں کو ٹھنڈ سے بچایا جاسکتا ہے، اس طرح تو بہت چیزیں ہیں۔ کھجور، لوبیا وغیرہ۔ آپ اپنے والد صاحب کو دوا L-48 کے 20-20 قطرے دن میں تین مرتبہ اس کے ساتھ ساتھ Agnatia200 رات میں 6-5 قطرے دے دیا کریں۔ حب اسگندر دو عدد اور حب سورنجان ایک عدد رات میں دیں۔ ان شاء اللہ بہت افاقہ ہوگا۔

نوٹ: جو خواتین آن لائن علاج کروانا چاہیں وہ مندرجہ ذیل نمبر پر رابطہ کرسکتی ہیں:
03009213888
٭٭٭