Bhindi Masala

بھنڈی

بھنڈی کا مزاج سرد تر ہے۔ اس میں وٹامن اے، سی کیلشیم، فولاد اور فاسفورس پائے جاتے ہیں۔ یہ ایک لیس دار سبزی ہے اس لیے اسے اچھی طرح گھی میں بھون کر پکاتے ہیں۔ بھنڈی پیشاب کے امراض میں فائدہ دیتی ہے، خاص طور پر جب جل کر آرہا ہو۔ آنتوں کی خراش، زخم اور پیچش میں بھنڈی توری کا سالن بہت فائدہ مند ہوتا ہے۔

تلی ہوئی بھنڈی کا لذیذ سالن:

بھنڈی نرم آدھا کلو، پیاز ایک پائو، لہسن آدھی پوتھی، ادرک آدھے انچ کا ٹکڑا، ٹماٹر آدھاپائو، ہری مرچ چار عدد، نمک حسب ذائقہ، سرخ مرچ حسب ذائقہ، ہلدی حسب ضرورت، سوکھا دھنیا (پساہوا) ایک چائے کا چمچ، دہی آدھی پیالی، گھی آدھا پائو۔

ترکیب:
بھنڈی دھوکر خشک کریں اور کاٹ کر چھوٹے یا بڑے ٹکڑے کرلیں۔ اب بھنڈی کے ٹکڑوں پر تھوڑا سا نمک چھڑک کر انہیں گھی میں ہلکی آنچ پر سرخ کرلیں۔ جب بھنڈی اچھی طرح سرخ ہوجائے تو اسے نکال کر علیحدہ کرلیں۔ اب اسی گھی میں پیاز کے لچھے کاٹ کر سرخ کرلیں۔ اب ادرک اور لہسن پسی ہوئی ڈال کر اچھی طرح بھونیں ساتھ نمک مرچ، اور ہلدی ڈال دیں جب یہ سب چیزیں گھی چھوڑ دیں تو دہی ڈال کر بھونیں۔ جب تمام مصالحہ ایک سا ہوجائے تو سرخ کی ہوئی بھنڈی ڈال دیں اور ساتھ ہی ٹماٹر اور ہری مرچیں کاٹ کر ڈال دیں اور اچھی طرح بھونیں۔ پھر ہلکی آنچ پر دم لگا دیں تاکہ ٹماٹر گل کر میں شامل ہوجائیں۔ اب سوکھا دھنیا ڈال کر ایک مرتبہ پھر اچھی طرح بھون لیں۔ لیجئے مزیدار تلی ہوئی بھنڈی تیار ہے۔

نوٹ: اگر کھٹاس پسند ہو تو بھونتے وقت تھوڑا سا املی کا پانی کا ڈالا جاسکتا ہے۔(افشاں نوید۔ نور پور نورنگا)